کشمیرسپریم لیگ (کے ایس ایل) کے ہیڈ آفس میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین کشمیر سپریم لیگ مسعود احمد خان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کے ساتھ کے ایس ایل کے برینڈ ایمبیسڈر کے طور پر خدمات انجام دینے کے لیے معاہدے پر دستخظ کیے۔
شاہد خان آفریدی اس موقع پر کہا کہ وہ اس لیگ کے ساتھ وابستگی کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیر سپریم لیگ کی انتظامیہ گزشتہ 4 سال سے انتہائی محنت اور جانفشانی کے ساتھ اس لیگ کی تیاریوں میں مصروف ہے
اور بہت ہی پیشہ وارانہ انداز میں کے ایس ایل کی انتظامیہ تمام معاملات کو لیکر آگے بڑھ رہی ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ میں اس لیے بھی خوش ہوں کہ کشمیری بچوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔
نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا تو انہیں کل پاکستان کی ٹیم میں کھیلنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اچھی کرکٹ کھیلنے والے نوجوانو ں کو بہترین مواقع فراہم کریں۔
بطور خاص گلگت بلتستان کی ٹیم شامل کرنے کے فیصلے سے میں بہت خوش ہوں۔ پہلی مرتبہ انہیں اتنے بڑے لیول پر پرفارم کرنے کا موقع ملے گا۔
اس موقع پر چیئرمین کشمیر سپریم لیگ مسعود احمد خان نے شاہد خان آفریدی کی لیگ کے ساتھ وابستگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اس امر کا یقین دلایا کہ کشمیر سپریم لیگ کرکٹ کی دنیا میں میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی
اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے کچھ نئے اور باصلاحیت چہروں کو سامنے لانے کا ذریعہ بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے شہروں میں ٹرائلز کے پہلے مرحلے کا آغاز رواں ماہ 13اگست سے مظفرآباد میں ہو گا۔ جس کے بعد باغ، راولاکوٹ، کوٹلی اور میرپور میں ٹرائلز کا اختتام ہو گا۔
رواں ماہ اگست میں افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوگی اور پاکستان کے مختلف شہروں اور مظفرآباد میں 19سنسنی خیز میچز کھلیے جائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کھلاڑی معین خان پہلے ہی ڈائریکٹر آپریشن کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔
معسود خان نے کہا کہ پہلی مرتبہ دعووں کے بجائے عملی طور پر لیگ میں ہر ٹیم کے ساتھ 6کشمیری کھلاڑی اور 6 پروفیشنلز کو شامل کیا گیا ہے
جس سے نہ صرف کشمیر کے علاقائی ثقافت اور سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ لیگ فارپیس کے سلوگن تلے کشمیر کا سافٹ امیج بھی دنیا کے سامنے اجاگر ہوگا۔
کشمیری ثقافت کے فروغ کے لیے کشمیر سپریم لیگ کا آفیشل سانگ معروف کشمیری گلوکارہ بانو رحمت گائیں گی جس میں کشمیری ثقافت کی جھلک نمایاں ہوگی۔