شوکت خانم کے پی سکواش ٹورنامنٹ پشاور میں شروع‘مشیر کھیل سید فخر جہاں نے افتتاح کیا
پشاور(سپورٹس رپورٹر)
شوکت خانم کے پی سکواش ٹورنامنٹ گزشتہ روز پشاورکے قمرزمان سکواش کمپلیکس میں شروع ہوگیا اس میں 150 سے زائد کھلاڑی شریک ہیں چار روزہ ایونٹ میں انڈر15 ‘انڈر17 اور انڈر19 بوائز اور ویمنز ایونٹس رکھے گئے ہیں‘
اس موقع پر مشیر برائے کھیل سید فخر جہاں مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ چیئرمین کے پی سکواش ایسوسی ایشن قمرزمان‘ صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری منصور زمان‘
چیف آرگنائزر و سکواش کوچ سپورٹس ڈائریکٹوریٹ منور زمان‘ سابق چیمپئن و کوچ محب اللہ خان‘ شوکت خانم ہسپتال پشاور کے نمائندوں‘ صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے فنانس سیکرٹری وزیر محمد‘سجاد خلیل‘
سکواش کوچز امجد خان‘ایگزیکٹو ممبران سکوش ایسوسی ایشن شیر بہادر‘فضل خلیل‘ کوچز ایم عادل فقیر‘ مقصود حنیف‘ گلاب شیر اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں
‘مشیر کھیل سید فخر جہاں نے سکواش ایونٹ پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکواش کے کھیل کے فروغ و ترقی کے لئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے
میرے دروازے سب کھلاڑیوں کیلئے کھلے ہیں ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی انہوں نے کہا کہ سکواش میں کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لئے سب کھلاڑیوں کو شبانہ روز محنت کرنا پڑے گی
انہوں نے سکواش کے فروغ و ترقی میں سکواش لیجنڈز قمرزمان اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی
اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں کے انعامات کیلئے 6 لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا‘سکواش لیجنڈ قمرزمان نے مشیر کھیل سید فخر جہاں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایونٹ میں شرکت کی اور بچوں کی حوصلہ افزائی بھی کی
انہوں نے کہا کہ شوکت خانم کے پی سکواش ٹورنامنٹ کو سالانہ کیلنڈر کا حصہ بنائیں گے یہ ایک اچھے مقصد کے لئے منعقد کیا جارہا ہے
اور اس میں ہم سب کی خدمات حاضر ہیں‘گزشتہ روزانڈر 15 کے دوسرے راﺅنڈ میں ایم ریان بہادر‘دانش سکندر‘ محمد شاہ زیب ‘عبداللہ زمان‘ سیف اللہ بہادر اور ایم حمزہ نے اپنے میچ جیت لئے‘
انڈر17 کے دوسرے راﺅنڈ میں ابراہیم ‘ایم یحییٰ ‘مصطفیٰ عرفان‘ ایم فرقان‘ احمد ریان خلیل‘ عبید اللہ ‘ راحیل اور حارث زاہد نے میچوں میں کامیابی حاصل کرلی‘انڈر19 کے دوسرے راﺅنڈ کے مقابلوں میں شایان علی‘
حسن زاہد‘ نعمان خان‘ یاسین خٹک‘ ایم اذان خلیل ‘حسن فرید‘ حریرہ خان اور محمد شعیب نے میچ جیت لئے۔