شن بوکو ایسوسی ایشن کے زیر نگرانی یوم دفاع کراٹے چیمپئین شپ کامیابی سے اختتام پزیر
استاد قمر الاسلام پیارے کو انکی پچاس سالہ خدمات پر”اولڈ از گولڈ شائنگ اسٹارایوارڈ” دیا گیا
کراچی : یوم دفاع کراٹے چیمپئین شپ شن بوکو ایسوسی ایشن آف کراٹے ڈو پاکستان کے زیرنگرانی اسپورٹس کمپلیکس لانڈھی کراچی میں اختتام پزیر ہوگئی۔
کراٹے کے مقابلوں میں شن بوکو شوتوکان کراٹے اکیڈمی کے گرلز و بوائز کھلاڑیوں نے جونیئر و سینیئر کیٹیگری میں انفرادی کاتا اور کومیتے کے مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے شاندار کرکردگی کا مظاہرہ پیش کیا،
چیمپئین شپ کے آرگنائزنگ سیکریٹری محمد نعمان تھے جبکہ شوٹنگ بال کے لیجنڈ معمر کھلاڑی و کوچ استاد قمر الاسلام پیارے چیمپئین شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
چیمپئین شپ کے فائنل نتائج کے مطابق گرلز کے انفرادی کاتا ایونٹ میں نور فاطمہ نے گولڈ، انشال کاشان نے سلور جبکہ اینجل نے برونز میڈل حاصل کیا
اسی طرح بوائز کے انفرادی کاتا ایونٹ میں فواز احمد خان نے گولڈ، ارسلان بن مسعود نے سلور اور محمد وثیق نے برونز میڈل حاصل کیا۔ کومیتے کے مقابلوں میں بوائز کے گروپ A میں محتشم خان نے گولڈ جبکہ سعد کاشان نے سلور میڈل حاصل کرلیا۔
گروپ B میں ابشام خان نے گولڈ، محمد رضا نے سلور جبکہ آبان خان نے برونز میڈل حاصل کیا۔ گرلز کے کومیتے مقابلوں میں بریرہ فاطمہ نے گولڈ، عمیزہ فاطمہ نے سلور جبکہ منام فاطمہ نے برونز میڈل حاصل کیا۔
مقابلوں کے اختتام پر مہمان خصوصی قمر الاسلام پیارے نے کامیاب کھلاڑیوں کو میڈل پہنائے اور اسناد تقسیم کیں۔ جبکہ ٹیکنیکل آفیشلز کو شیلڈز ایوارڈ کیں۔
اس موقعے پر دیگر مہمانان گرامی کراچی شوٹنگ بال کے سیکریٹری اعجاز احمد قریشی، محسن شاہ اور محمد خالد کو بھی یادگاری شیلڈز دی گئیں۔
آخر میں شن بوکو ایسوسی ایشن آف کراٹے ڈو پاکستان کے صدر و چیف انسٹرکٹر شی ہان شہزاد احمد نے شوٹنگ بال کے معروف اور معمر کھلاڑی استاد قمر الاسلام پیارے کی شوٹنگ بال کے کھیل میں گزشتہ پچاس سالہ کارکردگی اور
خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور انہیں شن بوکو ایسوسی ایشن کی جانب سے ” اولڈ از گولڈ شائنگ اسٹارایوارڈ” سرٹیفکیٹ پیش کیا۔