"قائداعظم گیمز 2024: خیبرپختونخوا کی مضبوط ٹیموں کی تشکیل کے لیے ٹرائلز کی حکمت عملی طے”
غنی الرحمن
پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی 13 دسمبر کو قائداعظم گیمز اسلام آباد میں منعقد ہوں گے، جہاں اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبے خیبرپختونخوا، پنجاب،
سندھ اور بلوچستان سے مرد و خواتین کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ان مقابلوں میں قومی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔
اس ضمن میں خیبرپختونخوا کی مضبوط ٹیموں کی سلیکشن کے لیے خیبرپختونخوا سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے حکام اور متعلقہ کھیلوں کی صوبائی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں کے درمیان ایک خصوصی میٹنگ کا انعقاد ہوا۔
میٹنگ میں کھلاڑیوں کے ٹرائلز اور ٹیموں کی تشکیل کے حوالے سے تفصیلی غور و فکر کیا گیا۔ ٹرائلز کے انعقاد اور کھلاڑیوں کی سلیکشن کے لیے ایک جامع لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے،
جس میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ صرف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی ہی منتخب ہوں۔خیبرپختونخوا کی ٹیموں کی سلیکشن میں نہ صرف تجربہ کار کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا بلکہ ابھرتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کو بھی سامنے لایا جائے گا۔