لیک سٹی پینتھرز ، بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔
کوالیفائر میں یوایم ٹی مارخورز کو 7 وکٹوں سے شکست ۔
صائم ایوب کی کریئر بیسٹ پانچ وکٹیں اور 33 رنز کی اننگز۔
——————————————
فیصل آباد 24 ستمبر ; نوازگوھر
لیک سٹی پینتھرز نے بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
منگل کے روز اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کوالیفائر میں اس نے یو ایم ٹی مارخورز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس میچ کی خاص بات پینتھرز کے اسپنر صائم ایوب کی کریئر بیسٹ پانچ وکٹوں اور 33 رنز کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی تھی ان کے علاوہ حسنین نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان خان نے جارحانہ نصف سنچری اسکور کی۔
صائم ایوب اور محمد حسنین مشترکہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں پہلا موقع ہے کہ پہلی بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بدھ کے روز پہلے ایلیمنیٹر میں الائیڈ بینک اسٹالیئنز کا مقابلہ نورپور لائنز سے ہوگا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم 27 ستمبرکو دوسرے ایلیمنیٹر میں یوایم ٹی مارخورز سے مقابلہ کرے گی۔
دوسرے ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم 29 ستمبر کو ہونے والے فائنل میں لیک سٹی پینتھرز کا سامنا کرے گی۔
کوالیفائر میچ میں مارخوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پوری ٹیم 36 اوررز میں صرف 137 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
لیک سٹی پینتھرز نے 23.4 اوورز میں 3 وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔ مارخورز کا آغاز مایوس کن رہا۔
حسیب اللہ کو علی رضا نے اپنے پہلے ہی اوور میں 3 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کردیا اگلے ہی اوور میں محمد حسنین نے لگاتار گیندوں پر کامران غلام ( 22 ) اور کپتان محمد رضوان ( صفر ) کی وکٹیں حاصل کرڈالیں
اور جب حسین نے اپنے چوتھے اوور میں فخرزمان کو 11 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا تو مارخورز کا اسکور 4 وکٹوں پر صرف 25 رنز تھا۔ گرنے والی ان چار میں سے تین وکٹیں وکٹ کیپر عثمان خان کے کیچز کا نتیجہ تھیں۔
سلمان علی آغا اور افتخار احمد اسکور میں77 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے۔افتخار احمد 39 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیل کر صائم ایوب کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی تیسری نصف سنچری ہے ۔
صائم ایوب کی اسپن بولنگ نے مارخورز کی بیٹنگ کا آسانی سے صفایا کردیا۔ انہوں نے صرف 24 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں جو لسٹ اے ون ڈے میں ان کی بہترین بولنگ ہے۔ محمد حسنین نے 25 رنز دے کر3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
پینتھرز کو 138 رنز کے ہدف تک پہنچنے کے لیے 3 وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ صائم ایوب 6 چوکوں کی مدد سے33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
عمرصدیق نے ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے35 رنز کی اننگز کھیلی اس کے بعد عثمان خان نے چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے54 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت کو ممکن بنادیا۔
مختصر اسکور۔
یوایم ٹی مارخورز 137 ( 36 اوورز ) ۔ سلمان علی آغا 52۔ افتخار احمد 39۔ صائم ایوب 24 / 5 وکٹ۔ محمد حسنین 25 / 3 وکٹ۔
پینتھرز ۔ 143 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ ( 23.4 اوورز ) عثمان خان 54 ناٹ آؤٹ ۔ عمر صدیق 35۔صائم ایوب 33 ۔
نتیجہ ۔ لیک سٹی پینتھرز نے 7 وکٹوں سے جیتا۔