خیبر پختونخوا کی جمناسٹک ٹیم کا اعلان، نیشنل چمپئن شپ کی تیاری شروع
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) کراچی میں کھیلی جانیوالی نیشنل جمناسٹک چمپئن شپ کے لئے خیبر پختونخوا کی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔
اس سلسلے پشاور میں ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا، جس میں پشاور، مردان، کوہاٹ، ڈی آئی خان، بنوں، چارسدہ، ایبٹ آباد، ہری پور، سوات اور دیگر اضلاع کے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔
ٹرائلز کا اہتمام صوبائی جمناسٹک ایسوسی ایشن کے صدر عامر صابر ایڈوکیٹ، نائب صدر شہنیلا ادریس اور سیکرٹری محمد راجہ کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ صوبائی ایسوسی ایشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری شمس الرحمن اور کوچ عدنان نے کھلاڑیوں کے ٹرائلز لئے۔
یہ ٹرائلز شفاف طریقے سے منعقد کیے گئے، جس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔سلیکشن کمیٹی نے جن کھلاڑیوں کا انتخاب کیاان میں لڑکوں کی ٹیم میں محمد یحییٰ، ظہیر، طلحہ، رضوان، علیان اور حفیظ شامل ہیں۔
لڑکیوں کی ٹیم کے لئے ماہ روش، سمیرہ، جویریا، عمارہ، دعا، اور زیمن کو منتخب کیا گیا ہے۔اس موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے جمناسٹک ایسوسی ایشن کے صدر عامر صابر ایڈوکیٹ نے کہا کہ اللہ کے فضل سے جمناسٹک کھلاڑیوں کی کارکردگی میں مسلسل بہتری آرہی ہے۔
آج کے ٹرائلز میں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا جو کہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی جمناسٹک ایسوسی ایشن کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے، لیکن انہیں حکومتی حمایت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے محکمہ کھیل کے حکام سے مطالبہ کیا کہ جمناسٹک کھلاڑیوں کے لیے صوبائی سطح کے مقابلے منعقد کیے جائیں تاکہ ان کی مہارت کو مزید نکھارا جا سکے۔