ہاکی

پاکستان کا جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کیلئے بھی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ

پاکستان کا جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کیلئے بھی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ یہ ورلڈ کپ 28 نومبر سے بھارت میں منعقد ہونا ہے

اور اس میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی پول میں رکھا گیا ہے، جو ایونٹ کو غیر معمولی اہمیت دے رہا تھا، مگر اب اس ممکنہ مقابلے پر بھی سیکورٹی کے سائے منڈلا رہے ہیں۔

ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے کے لیے متعلقہ حکومتی اداروں کی طرف سے نہ صرف این او سی جاری نہیں کیا جا رہا بلکہ اس بارے میں پی ایچ ایف کو پہلے ہی آگاہ بھی کیا جا چکا ہے۔

اس سے قبل ایشیا ہاکی کپ کے لیے بھی پاکستان نے سیکورٹی خدشات کی بنا پر ٹیم نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا اور اب لگتا ہے کہ اسی پالیسی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے جونئیر ورلڈ کپ میں بھی شرکت سے معذرت کی جا رہی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن کو اپنی ٹیم کی شرکت کو حکومتی اجازت سے مشروط قرار دیا تھا، یعنی اگر این او سی جاری کیا جاتا تو شرکت ممکن تھی،

لیکن موجودہ سیاسی تناؤ، تعلقات کی کشیدگی اور بھارت میں انتہا پسند عناصر کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے کوئی حتمی منظوری نہیں دی جا رہی۔

علاوہ ازیں یہ اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں کہ نہ صرف ہاکی بلکہ کسی بھی دوسرے کھیل سے متعلق پاکستانی ٹیم کو بھارت جانے کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان کے کئی سابق اولمپئنز نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ان اہم ایونٹس کو کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور کھیل کو سیاست سے پاک رکھا جا سکے۔

ان کا مؤقف ہے کہ موجودہ بھارتی فضا میں کسی پاکستانی کھلاڑی کا تحفظ ممکن نہیں اور ایسے میں کسی خطرے سے بچاؤ کا واحد راستہ یہی ہے کہ ٹورنامنٹ کو کسی تیسرے ملک میں منتقل کر دیا جائے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!