کرکٹمضامین

حارث رؤف کی تباہ کن باؤلنگ اور سلمان علی آغا کی جارحانہ بیٹنگ سے پاکستان سرخرو

تحریر: عبدالغفار، کرکٹ کمنٹیٹر و اسپورٹس جرنلسٹ اسلام آباد

حارث رؤف کی تباہ کن باؤلنگ اور سلمان علی آغا کی جارحانہ بیٹنگ سے پاکستان سرخرو

تحریر: عبدالغفار، کرکٹ کمنٹیٹر و اسپورٹس جرنلسٹ اسلام آباد

پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے افتتاحی میچ میں افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے کر شاندار آغاز کیا۔

یہ فتح نہ صرف قومی ٹیم کے اعتماد کی بحالی کے لیے اہم ثابت ہوئی بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی نے مستقبل کی جھلک بھی دکھا دی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 182 رنز بنائے۔ اس اننگز میں سب سے نمایاں کردار مڈل آرڈر کے بلے باز سلمان علی آغا نے ادا کیا .

جنہوں نے ذمہ دارانہ مگر جارحانہ انداز میں رنز بنائے اور ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچایا۔ اگرچہ ابتدائی اوورز میں قومی ٹیم دباؤ کا شکار نظر آئی لیکن مڈل آرڈر کی شراکت نے میچ کا رخ پلٹ دیا۔

افغانستان کی باؤلنگ ابتدا میں مؤثر رہی لیکن مڈل اور آخری اوورز میں وہ پاکستانی بیٹرز کو روکنے میں ناکام دکھائی دیے۔ یہی وجہ تھی کہ پاکستان نے آخری پانچ اوورز میں 50 سے زیادہ رنز جوڑ کر میچ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی۔

ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹنگ لائن شروع سے ہی دباؤ کا شکار رہی۔ پاکستانی باؤلرز نے نئی گیند سے بہتر لائن اور لینتھ کے ساتھ باؤلنگ کی اور افغانستان کے ٹاپ آرڈر کو زیادہ دیر کریز پر ٹکنے نہ دیا۔

اس موقع پر فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے افغان بیٹرز کی کمر توڑ دی۔ ان کی تیز رفتار اور شارپ گیندوں کے سامنے افغانستان کے بیٹرز بے بس دکھائی دیے۔

افغانستان کی جانب سے چند کھلاڑیوں نے مزاحمت کی کوشش ضرور کی لیکن رنز کا دباؤ اتنا بڑھ چکا تھا کہ وہ اسے عبور نہ کرسکے۔ پوری ٹیم 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی اس کامیابی میں جہاں باؤلنگ یونٹ نے شاندار کارکردگی دکھائی وہیں سلمان علی آغا کی اننگز نے میچ کا رخ متعین کیا۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ یہ جیت بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں اجتماعی کارکردگی کا نتیجہ تھی۔

اس فتح کے بعد پاکستان کا حوصلہ یقیناً بلند ہوگا۔ نوجوان کھلاڑیوں کی پرفارمنس نے یہ بھی واضح کر دیا کہ ٹیم مستقبل میں بڑے مقابلوں کے لیے تیار ہو رہی ہے۔

افغانستان کی ٹیم اگرچہ سخت جان حریف ہے لیکن شارجہ کی کنڈیشنز میں پاکستانی ٹیم نے بہتر حکمت عملی اور تیز رفتار کھیل کے ذریعے خود کو نمایاں کیا۔

یہ کامیابی پاکستان کے لیے اس سہ ملکی سیریز میں مضبوط پوزیشن کی ضمانت ہے۔ اب اگلے میچز میں ٹیم سے یہی توقع کی جا رہی ہے کہ یہ تسلسل برقرار رکھے گی اور مزید بہتر کھیل پیش کرے گی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!