ہاکی

ہیڈ کوچ اولمپین طاہر زمان نے ہاکی بورڈ کے قیام کی حمایت کر دی

ہیڈ کوچ اولمپین طاہر زمان نے ہاکی بورڈ کے قیام کی حمایت کر دی

ملتان (اظہار عباسی) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے بجائے ہاکی بورڈ کا قیام کا مطالبہ زور پکڑنے لگا پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولپمین طاہر زمان نے بھی ہاکی بورڈ کے قیام کی حمایت کر دی .

پاکستان ہاکی ٹیم کے لیجنڈ ، ورلڈ کپ 1994 کے فاتح سکواڈ کے اہم ستون پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ اولپمین طاہر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی بورڈ کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ اگر ماضی کا نظام خاطرخواہ نتائج نہیں دے سکا تو ایک نیا اور مؤثر ڈھانچہ آزمانا ہی دانشمندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایک خودمختار اور منظم ہاکی بورڈ قائم کر کے اس میں ایسے قابل، مخلص اور وطن دوست افراد کو شامل کیا جائے جو واقعی ہاکی کے فروغ کے لیے سنجیدہ ہوں،

تو یہ قدم قومی کھیل کے مستقبل کے لیے نہایت سودمند ثابت ہو گا۔ طاہر زمان نے کہا کہ نئے بورڈ کو شفافیت، مالی نظم و ضبط اور جدید حکمرانی کے اصولوں پر قائم کیا جانا چاہیے تاکہ ہاکی دوبارہ اپنے سنہری دور کی جانب لوٹ سکے۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولپمین طاہر زمان نے مزید کہا کہ جس طرح پاکستان کرکٹ بورڈ ایک مؤثر نظام کے تحت کام کر رہا ہے، ویسے ہی ہاکی کو بھی ایک مضبوط اور خودمختار ڈھانچے کی ضرورت ہے جو کھیل کے مالی اور انتظامی معاملات کو بہتر انداز میں سنبھال سکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی کھیل کی زبوں حالی کی سب سے بڑی وجہ فنڈز کی کمی اور ناقص پالیسی سازی ہے۔ اگر ایک مؤثر ہاکی بورڈ کے ذریعے ان مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے تو یہ قدم فوری طور پر اٹھایا جانا چاہیے۔

جبکہ ملک بھر کے ہاکی لوررز نے بھی حکومتِ پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اپیل کی ہے کہ ہاکی کے فروغ کے لیے پاکستان ہاکی بورڈ کے قیام پر فوری غور کیا جائے، تاکہ قومی کھیل دوبارہ عالمی سطح پر اپنی پہچان بحال کر سکے۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فاؤنڈیشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں ہاکی بورڈ کے قیام کا بیان دیا تھا جس کے بعد لیجنڈری شہباز احمد سینئر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اولپمین رانا مجاہدبھی ہاکی بورڈ کے قیام کا مطالبہ کر چکے ہیں

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!