کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)34ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ کے پہلے روز قومی کیوئسٹس نے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا صرف محمد ماجد علی پہلی رکاوٹ عبور نہ کر سکے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پہلے میچ میں محمد بلال نے عراق کے منیب الجبوری کو بغیر کوئی فریم ڈراپ کئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار سٹریٹ فریمز سے کامیابی حاصل کر لی۔ دوسرے میچ میں بھی قومی کیوئسٹ بابر مسیح کی کارکردگی غیر معمولی رہی انہوں نے میزبان ملک کے علی رضا کو ہوم گرائونڈ اور کرائوڈ کا ایڈوانٹیج بھی نہیں اٹھانے دیا اور پورے مقابلے میں چھائے رہے اور بغیر کوئی فریم ہارے چار صفر سے کامیابی حاصل کرلی۔ 34ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ کے پہلے روز کھیلے گئے مقابلوں میں پاکستان کے سب سے تجربہ کار کیوئسٹ اور سابق عالمی چیمپئن محمد آصف بھی امیدوں پر پورا اترنے میں کامیاب ہوئے اور انہوں نے بھی پہلی رکاوٹ عبورکر لی۔ اپنے پہلے میچ میں انہوں نے قطر سے تعلق رکھنے والے کیوئسٹ عبدل محسن کو سخت مزاحمت کا سامنا کئے بغیر ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے ہرایا۔ چیمپئن شپ میں شریک پاکستان کے چوتھے کیوئسٹ محمد ماجد علی اپنے ہم وطن کیوئسٹس کی کارکردگی کو برقرار نہ رکھ سکے اور مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی ہی جنگ میں یکطرفہ مقابلے میں شکست سے دوچار ہوئے ۔ انہیں عراق کے علی جلیل علی نے باآسانی چار صفر فریمز سے آئوٹ کلاس کیا۔