کرکٹ

۔ قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ ; بہاولپور اور لاہور وائٹس کی کامیابی

قائداعظم ٹرافی ; بہاولپور اور لاہور وائٹس کی کامیابی ; محمد عباس کی میچ میں دس وکٹیں

اسلام آباد یکم نومبر ۔ قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کے تیسرے دن لاہور وائٹس نے ملتان کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔ بہاولپور نے کراچی بلوز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آْباد میں لاہور وائٹس کو ملتان کے خلاف جیتنے کے لیے صرف 81 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس سے قبل ملتان کی ٹیم دوسری اننگز میں 199 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ وقارحسین نے 71 رنز بنائے۔ محمد عباس نے51 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اسطرح انہوں نے میچ میں 83 رنز کے عوض 10 وکٹیں حاصل کیں۔

محمد عباس پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں فیصل آباد کی ٹیم پشاور کے خلاف پہلی اننگز میں384 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔فہم الحق نے18 چوکوں کی مدد سے 157رنز سکور کیے۔ ساجد خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 170 رنز بنائے تھے۔افتخار احمد 54 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایبٹ آباد نے سیالکوٹ کے خلاف فالوآن پر مجبور ہونے کے بعد دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 331 رنز بنائے تھے۔ شاہ زیب خان نے 20 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 131 رنز سکور کیے۔ خالد عثمان نے 83 رنز بنائے۔ محمد علی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

عمران خان سٹیڈیم پشاور میں بہاولپور کو کراچی بلوز کے خلاف جیتنے کے لیے 213 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

سعد خان نے 17 چوکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔محمد عمار نے 70 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 166 رنز کا اضافہ کیا۔ سعد خان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں فاٹا کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 281 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ریحان آفریدی نے 91 رنز سکور کیے۔حنین شاہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

فاٹا نے فالوآن پر مجبور ہونے کے بعد دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 284 رنز بنائے تھے۔ خوشدل شاہ نے 22 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے کریئر بیسٹ 159 رنز سکور کیے۔ محمد سرور71 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!