ڈبلن(سپورٹس لنک رپورٹ)آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست پاکستان کو خاصی مہنگی پڑے گی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت 125پوائنٹس کیساتھ سرفہرست،اس کے بعد بالترتیب، جنوبی افریقہ (112)، آسٹریلیا (106)، نیوزی لینڈ (102)، انگلینڈ (98)،سری لنکا (94)، پاکستان (86)، بنگلہ دیش (75)، ویسٹ انڈیز(67) اور زمبابوے (2پوائنٹس) شامل ہیں، اس فارمیٹ میں بطور 11 ویں ٹیم انٹری دینے والے آئرلینڈ کی پہلے آزمائش نمبر 7گرین کیپس کیخلاف جمعے کو ہوگی۔ناکامی کی صورت میں پاکستان کو5پوائنٹس کا خسارہ برداشت کرنا پڑے گا، میچ ڈرا ہوا تو بھی 2پوائنٹس کا نقصان ہوجائے گا۔ فتح پر صرف ایک پوائنٹ ہاتھ آئے گا، البتہ نتیجہ کچھ بھی ہو ٹیم کی ساتویں پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑیگا، ڈبلن میں اظہر علی رینکنگ میں10اور اسد شفیق 25 ویں نمبر کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔سمیع اسلم اس وقت 74ویں پوزیشن پر ہیں،بولرز میں 16ویں نمبر پر موجود یاسر شاہ کی خدمات پاکستان کو حاصل نہیں،محمد عباس37اور محمد عامر 39ویں نمبر پر ہیں،آئرلینڈ کو ٹیسٹ رینکنگ میں ابھی کھاتہ کھولنا ہے، فی الحال ون ڈے رینکنگ میں پال اسٹرلنگ 35، ایڈ جوائس42،کیون اوبرائن51 اور ولیم پورٹر فیلڈ58 ویں نمبر پر ہیں۔بولرز میں ٹم مرٹیگ20،اینڈی میک برائن42،بوائیڈ رینکن58 ویں پوزیشن پر ہیں۔یاد رہے کہ ٹم مرٹیگ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 712وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔