
شعیب ملک کا پی ایس ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
پاکستان کرکٹ کے سینئر آل رائونڈر شعیب ملک نے پاکستان سپر لیگ میں بطور کھلاڑی اپنے سفر کے اختتام کا اعلان کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں 43 سالہ شعیب ملک کا کہنا تھا کہ وہ PSL کے دوران گزارے گئے ہر لمحے اور میدان کے اندر اور باہر بننے والی دوستیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
شعیب ملک نے لکھا کہ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے 10 سالہ سفر میں بے شمار یادگار لمحات دیکھے اور شاندار تعلقات قائم کیے، جو ان کے لیے ہمیشہ قیمتی رہیں گے، اب وقت آ گیا ہے کہ وہ بطور کھلاڑی اس سفر کو ختم کریں۔
تاہم شعیب ملک نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کرکٹ کے لیے ان کا جذبہ اور کھیل کی بہتری کے لیے کام کرنے کی خواہش ہمیشہ برقرار رہے گی۔
ان کے مطابق وہ مستقبل میں بھی کسی نہ کسی انداز میں کرکٹ کی خدمت کرتے رہیں گے۔
آخر میں شعیب ملک نے پاکستان سپر لیگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ PSL نے انہیں بے شمار مواقع، یادیں اور عزت دی، جس پر وہ ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔
شعیب ملک کے اعلان کے بعد کرکٹ شائقین اور ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے انہیں شاندار کیریئر پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
اپنے 10 سالہ پی ایس ایل کیریئر میں کراچی کنگز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے شعیب ملک نے مجموعی طور پر 93 میچز کھیلے جس میں انہوں نے 15 نصف سنچریوں کی مدد سے 33.09 کی اوسط اور 127.78 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2350 رنز بنائے۔



