ایشین گیمز 2026 کیلئے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان
ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کریں گے جبکہ عبدالصمد کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان ایشین گیمز 2026 کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان، صاحبزادہ فرحان ٹیم کی قیادت کریں گے۔
لاہور; ایشین گیمز 2026 میں مردوں کے ٹی20 انٹرنیشنل مقابلے 24 ستمبر سے جاپان کے شہر آئیچی میں شروع ہوں گے، جبکہ تمغوں کے مقابلے 3 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
30 سالہ صاحبزادہ فرحان کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا، جبکہ عبدالصمد نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
صاحبزادہ فرحان پاکستان کی جانب سے 46 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں 1305 رنز بنا چکے ہیں، جن میں دو سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ایشین گیمز سکواڈ میں شامل 15 میں سے 14 کھلاڑی 15 جون سے لاہور میں شروع ہونے والے نیشنل کرکٹ اکیڈمی وائٹ بال کیمپ کا بھی حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ 15 رکنی سکواڈ میں عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت اور سعد مسعود ایسے چار کھلاڑی شامل ہیں جو ابھی تک پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کر سکے ہیں۔
ایشین گیمز 2026 میں مردوں کا کرکٹ ایونٹ جاپان کے آئیچی پریفیکچر کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کا 15 رکنی سکواڈ: صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان۔



