والی بال

سی اے وی اے مینز والی بال چیمپئن شپ ؛ بنگلہ دیش والی بال ٹیم کراچی پہنچ گئی،

سندھ والی بال ایسوسی ایشن کی جانب سے پرتپاک استقبال

بنگلہ دیش والی بال ٹیم کراچی پہنچ گئی،

سندھ والی بال ایسوسی ایشن کی جانب سے پرتپاک استقبال

سی اے وی اے مینز والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے آنے والی مہمان ٹیم کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شاندار خیرمقدم

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) سینٹرل ایشین والی بال ایسوسی ایشن (سی اے وی اے) مینز والی بال چیمپئن شپ 2026 میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش کی قومی والی بال ٹیم کراچی پہنچ گئی،

جہاں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سندھ والی بال ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر سندھ والی بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری شاہد مسعود نے ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

استقبالیہ تقریب خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں دونوں ممالک کے کھیلوں کے حکام نے باہمی تعاون، دوستی اور کھیلوں کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر کہا گیا کہ کھیل قوموں کو قریب لانے کا بہترین ذریعہ ہیں اور پاکستان میں آنے والی تمام غیر ملکی ٹیموں کو بھرپور مہمان نوازی فراہم کی جائے گی۔ بنگلہ دیش والی بال فیڈریشن کے نمائندوں نے شاندار استقبال پر سندھ والی بال ایسوسی ایشن اور بالخصوص

سیکریٹری شاہد مسعود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، "آپ کی میزبانی ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے، ہم سب ایک خاندان ہیں اور پورے خطے کی والی بال برادری پاکستان والی بال فیڈریشن کے ساتھ کھڑی ہے۔

سی اے وی اے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک تمنائیں۔” انہوں نے مزید کہا، "کراچی میں بنگلہ دیش والی بال ٹیم کے شاندار استقبال پر شاہد مسعود کے بے حد مشکور ہیں،

واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے بھارتی ٹیم کو اجازت نامہ جاری کیا تھا جبکہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھی بھارتی کھلاڑیوں کے ویزوں کے اجرا پر رضامندی ظاہر کی تھی،

تاہم بھارتی ٹیم نے ایونٹ میں شرکت سے انکار کر دیا، جس کے بعد منتظمین نے ازبکستان کو چیمپئن شپ میں شرکت کی دعوت دی۔سی اے وی اے مینز والی بال چیمپئن شپ 29 جولائی تک جاری رہے گی۔

ایونٹ میں میزبان پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، نیپال، قازقستان، کرغزستان، سری لنکا اور ازبکستان کی ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی، جبکہ چیمپئن شپ کا فائنل 29 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!