ضلع خیبر میں کیوکوشن کان بیلٹ پروموشن ٹیسٹ، کامیاب کھلاڑیوں میں سرٹیفکیٹس اور بیلٹس تقسیم

ضلع خیبر میں کیوکوشن کان بیلٹ پروموشن ٹیسٹ، کامیاب کھلاڑیوں میں سرٹیفکیٹس اور بیلٹس تقسیم
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں خیبرپختونخوا کیوکوشن کان کے زیرِ اہتمام بیلٹ پروموشن ٹیسٹ اور تقسیمِ اسناد کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں کھلاڑیوں، والدین، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور علاقے کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کیوکوشن کے بین الاقوامی کھلاڑی اللہ گل آفریدی تھے، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں بیلٹس، سرٹیفکیٹس اور ایوارڈز تقسیم کیے۔
اس موقع پر کیوکوشن کے باصلاحیت کھلاڑی راجد آفریدی (بلیک بیلٹ تھرڈ ڈین) اور سعید آفریدی (بلیک بیلٹ تھرڈ ڈین) بھی موجود تھے اور انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مارشل آرٹس نوجوانوں میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، جسمانی فٹنس اور مثبت سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیلٹ پروموشن ٹیسٹ کھلاڑیوں کی مسلسل محنت، لگن اور تکنیکی مہارت کا اعتراف ہے، جس سے انہیں مزید محنت کرنے کا حوصلہ ملتا ہے۔
مہمانِ خصوصی اللہ گل آفریدی نے کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا خصوصاً ضلع خیبر میں مارشل آرٹس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے مناسب تربیت اور مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب بچوں میں بیلٹس، سرٹیفکیٹس اور یادگاری ایوارڈز تقسیم کیے گئے،
جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایسے پروگرام مستقبل میں بھی باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے۔



