
پشاور اوپن جونیئر تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں پشاور ریجن چیمپئن بن گیا
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) اسپورٹس ولیج، ڈی ایچ اے روڈ پشاور میں چھٹی پشاور اوپن جونیئر تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا، جس میں پشاور،
بنوں اور کوہاٹ ریجن سمیت مختلف اضلاع و کلبوں کے سینکڑوں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ مقابلوں میں کھلاڑیوں نے مختلف ویٹ کیٹیگریز میں شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
چیمپئن شپ کے مجموعی نتائج کے مطابق پشاور ریجن نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے چیمپئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا، بنوں ریجن دوسرے جبکہ آئی ٹی ایف حیات آباد کلب پشاور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی الیاس آفریدی تھے، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو ٹرافیاں بھی پیش کیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلوں کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے اور خیبرپختونخوا میں تائیکوانڈو کے فروغ میں اہم کردار ادا ہوتا ہے۔
انہوں نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے ایونٹس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ نئے ٹیلنٹ کو قومی سطح پر آگے آنے کے مواقع میسر آسکیں۔



