
گورنر سندھ سے اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن اور اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات،
صحافیوں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی
کراچی ; گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن (PSWF) اور اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف سندھ (SJAS) کے وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت PSWF کے سیکریٹری جنرل محمد اصغر عظیم نے کی،
جبکہ نائب صدر عبید اعوان، آصف خان، صدر SJAS محمود ریاض، سیکریٹری SJAS مجاہد علی سولنگی سمیت دیگر عہدیداران شریک تھے۔
ملاقات میں اسپورٹس جرنلسٹس کو درپیش مسائل، پیشہ ورانہ امور، صحافتی سہولیات، اسپورٹس میڈیا کے کردار اور کھیلوں کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ اسپورٹس جرنلسٹس کھیلوں کے میدان میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں،
کامیابیوں اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ مثبت، ذمہ دار اور معیاری اسپورٹس جرنلزم کو فروغ دینا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے، صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور ملک میں کھیلوں کے مثبت کلچر کے قیام میں اسپورٹس میڈیا کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ اسپورٹس جرنلسٹس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
صدر SJAS محمود ریاض نے گورنر سندھ کو اسپورٹس جرنلسٹس کی فلاح و بہبود کے لیے ایسوسی ایشن کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ SJAS کے تحت ہر سال اسپورٹس جرنلسٹس کو عمرہ کی سعادت کے لیے بھیجا جاتا ہے، جبکہ ضرورت مند اسپورٹس جرنلسٹس کی مالی معاونت بھی کی جاتی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی سطح پر اسپورٹس جرنلسٹس کو فراہم کی جانے والی مالی معاونت اور دیگر سہولیات میں سندھ کے اسپورٹس جرنلسٹس کو بھی ان کا جائز اور برابر کا حصہ دیا جائے۔
۔PSWF کے سیکریٹری جنرل محمد اصغر عظیم نے بتایا کہ پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے اسپورٹس جرنلسٹس کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے بین الاقوامی معیار کی ورکشاپس منعقد کی جاتی ہیں، جن میں اب تک 12 پاکستانی اسپورٹس جرنلسٹس شرکت کر چکے ہیں۔
محمد اصغر عظیم نے مرحوم اسپورٹس جرنلسٹ قمر احمد کی صحافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 740 ون ڈے اور 450 سے زائد ٹیسٹ میچز کور کیے اور کھیلوں کے موضوع پر متعدد کتب بھی تحریر کیں۔ انہوں نے مرحوم قمر احمد کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارۂ امتیاز دینے کی سفارش کی۔
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے وفد کے مطالبات اور مسائل کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ سندھ کے اسپورٹس جرنلسٹس کو وفاقی سطح پر دستیاب سہولیات اور مالی معاونت میں ان کے جائز حق کا معاملہ متعلقہ فورم پر بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں اور اسپورٹس جرنلزم کے فروغ کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں، اسپورٹس تنظیموں اور میڈیا کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون وقت کی ضرورت ہے۔ اسپورٹس جرنلسٹس کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے بھی ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔



