کولمبو (سپورٹس لنک رپورٹ) سری لنکا کرکٹ نے سال 2017ء کے دوران ریکارڈ منافع ملنے کے بعد کھلاڑیوں کے معاوضوں میں 34 فیصد اضافہ کر دیا، 33 کھلاڑیوں کیلئے سالانہ کنٹریکٹس کا اعلان بھی کر دیا گیا، فاسٹ باؤلر لاستھ مالنگا کو فہرست سے خارج کر دیا گیا۔ سری لنکا کرکٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بورڈ کو سال 2017ء کے دوران ریکارڈ منافع حاصل ہوا ہے جس کی وجہ سے ہم نے کھلاڑیوں کے معاوضوں میں 34 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ان کی میچ فیس بھی بڑھائی گئی ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے 33 کھلاڑیوں کو پانچ کیٹگریز میں رکھا گیا ہے، اینجلو میتھیوز، دنیش چندیمل، رنگناہیراتھ، سرنگالکمل اور دیمتھ کرونارتنے اے کیٹگری، اپل تھرنگا اور دلروون پریرا بی کیٹگری، کوسل مینڈس، نیروشن ڈکویلا، دانن جایا ڈی سلوا، کوسل پریرا اور تھسارا پریرا سی کیٹگری، آکیلا دانن جایا، دشمانتھا چمیرا، آسیلا گونارتنے، دانشکا گوناتھلیکا اور نووان پرادیپ ڈی کیٹگری جبکہ سدیرا، سمارا وکراما، روشن سلوا، لاہیرو تھریمانے، لاہیروگاماگے، وشوا فرننڈو، لکشن سنداکن، جیفری وانڈرسے، داسن شناکا، کوشل سلوا، شیہان مدوشنکا، لاہیرو کمارا، مالنتھا پشپا کمارا، آمیلا آپنسو، وانیدو ہسارنگا، ایسورو اودانا اور دلشان موناویرا پریمیئر کیٹگری میں شامل ہیں۔