
جاپانی قونصل جنرل ندیم شاہ سے گرینڈ ماسٹر شیہان شاہد خان کی ملاقات
ملاقات میں گلوبل کیوکوشن آرگنائزیشن پاکستان کے چیف شیہان شاہزیب خان بھی شریک تھے
اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) جاپانی اعزازی قونصل جنرل برائے بلوچستان سید ندیم عالم شاہ سے انٹرنیشنل کراٹے آرگنائزیشن کیوکوشن پاکستان کے Iko Matsushima کے چیف گرینڈ ماسٹر شیہان شاہد خان یوسفزئی (بلیک بیلٹ 7th ڈان، جاپان) اور گلوبل کیوکوشن آرگنائزیشن (نیوزی لینڈ) پاکستان کے چیف شیہان شاہزیب خان یوسفزئی (بلیک بیلٹ 5th ڈان، جاپان) نے خصوصی ملاقات کی۔
جاپان قونصلیٹ میں انتہائی خوشگوارماحول میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان میں کیوکوشن کائی کراٹے کے فروغ،
نوجوانوں کی مارشل آرٹس میں شمولیت، بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کی نمائندگی اور پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں دوستانہ روابط کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر شیہان شاہد خان یوسفزئی اور شیہان شاہزیب خان یوسفزئی نے جاپانی اعزازی قونصل جنرل کو پاکستان میں کیوکوشن کائی کراٹے کی سرگرمیوں، تربیتی پروگرامز اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا
اور گزشتہ دنوںجاپان میں6th ورلڈ کراٹے ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے بھی تفصیل سے آگاہ کیا۔
جاپانی اعزازی قونصل جنرل نے کیوکوشن کائی کراٹے کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور پاکستان و جاپان کے درمیان کھیلوں کے ذریعے عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ مارشل آرٹس نوجوان نسل میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، جسمانی فٹنس،برداشت اور مثبت سوچ کو پروان چڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انٹرنیشنل کراٹے آرگنائزیشن کیوکوشن پاکستان کے چیف گرینڈ ماسٹر شیہان شاہد خان یوسفزئی نے کہا کہ کیوکوشن کائی کراٹے کے ذریعے ہم پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر باہمی تعاون اور پاکستان و جاپان کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں دوستانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔



