خیبرپختونخوا کے موئے تھائی کھلاڑیوں نے تاریخ رقم کردی،
پہلی بین الصوبائی رینکنگ چیمپئن شپ می16 گولڈ اور 5 سلور میڈلز کیساتھ چمپئن ٹرافی جیت لی،

خیبرپختونخوا کے موئے تھائی کھلاڑیوں نے تاریخ رقم کردی،
پہلی بین الصوبائی رینکنگ چیمپئن شپ می16 گولڈ اور 5 سلور میڈلز کیساتھ چمپئن ٹرافی جیت لی،
عہدیداروں نے اس کھیل کی سرپرستی اور موئے تھائی کو انڈر21 گیمز میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) پہلی بین الصوبائی رینکنگ موئے تھائی چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کے نوجوان فائٹرز نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے 16 گولڈ اور 5 سلور میڈلز کیساتھ چمپئن ٹرافی جیت کر صوبے کا نام روشن کردیا، جبکہ سندھ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان موئے تھائی فیڈریشن کے زیر اہتمام ایبٹ آباد میں منعقدہ دو روزہ چیمپئن شپ میں ملک کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے مرد وخواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی، اور مختلف ویٹ کیٹیگریز میں سخت مقابلوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
ایبٹ آباد میں منعقدہ اس چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے ابتدا ہی سے جارحانہ اور پراعتماد کھیل پیش کیا اور مختلف کیٹیگریز میں اپنے حریفوں کو شکست دے کر گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔
ابوبکر، نمرہ، صدام، محمد ابراہیم، شاہان، محسن، فہد زید، شاہ زہیب، شاہ زمان، سیار اور بصیر شاہ سمیت دیگر فائٹرز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈلز حاصل کیے۔
خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کی اس کامیابی نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا ہے کہ صوبے میں مارشل آرٹس کے کھیلوں آور خصوصاً موئے تھائی میں نوجوان ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں،
تاہم مناسب سرپرستی، تربیتی سہولیات اور قومی سطح کے مقابلوں میں مسلسل مواقع فراہم کیے جائیں تو یہی نوجوان کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر بھی نمائندگی کرسکتے ہیں۔
صوبائی موئے تھائی ایسوسی ایشن کے صدر الیاس آفریدی اور سیکرٹری عنایت اللہ نے چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی محکمہ کھیل سے مطالبہ کیا ہے کہ موئے تھائی کو باقاعدہ سرپرستی فراہم کی جائے اور حالیہ ہونیوالے خیبرپختونخوا انڈر21 گیمز میں بھی اس کھیل کو شامل کیا جائے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ موئے تھائی میں صوبے کے نوجوان کھلاڑی مسلسل قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، اس لیے انہیں سرکاری سطح پر تربیتی کیمپس، کوچنگ، کھیلوں کا سامان اور مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پاکستان موئے تھائی فیڈریشن کے سیکرٹری ریحان ،نائب صدر عمران اللہ، صوبائی موئے تھائی ایسوسی ایشن کے صدر الیاس آفریدی اور دیگر نے کہا کہ بین الصوبائی سطح کے ایسے مقابلے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں آزمانے اور تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔
موئے تھائی کے فروغ سے نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں مارشل آرٹس کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے 16 گولڈ اور 5 سلور میڈلز اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ اگر اس کھیل کو مسلسل سرپرستی اور مناسب مواقع ملیں تو صوبے کے فائٹرز قومی سطح پر مزید نمایاں کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔
عنایت اللہ سیکرٹری خیبرپختونخوا موئے تھائی ایسوسی ایشن نے کامیاب کھلاڑیوں، کوچز اور تمام آفیشلز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے موئے تھائی کی ترقی کے لیے محکمہ کھیل کی سرپرستی کو ناگزیر قرار دیا۔



