راولپنڈی میں پاکستان کی دھماکہ خیز جیت، سری لنکا کو 4 وکٹوں سے پچھاڑ دیا
فرحان نے 89 رنز کی کپتانی باری کھیلی جب کہ معاذ صداقت نے 29 گیندوں پر 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

پہلا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 183 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا جس میں کپتان نے 89 رنز کی کپتانی باری کھیلی جب کہ معاذ صداقت نے 29 گیندوں پر 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
فخرزمان نے 21، حسن نواز نے ایک، شاداب خان صفر اور صائم ایوب نے 8 رنز بنائے جب کہ خواجہ نافع نے چھکا لگا کر میچ کا اختتام کیا۔ وہ 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ان کے ساتھ محمد عمران صفر پر ناٹ آؤٹ لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے کیا، پاکستان کی پہلی وکٹ فخر زمان کی گری، اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 54 تھا، فخر زمان نے 21 رنز بنائے اور ایشان ملینگا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی، انہیں تھیکشانا نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کی 11 ویں نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 33 گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 89 رنز بنائے۔ انہوں نے 53 گیندوں کا سامنا کیا۔
شاداب خان بغیر کوئی رنز بنائے ملینگا کی گیند پر تشارا کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے، پاکستان نے مطلوبہ ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر 18.5 گیندوں پر حاصل کر لیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے۔ سری لنکن اوپنر لہرو اودارا نے 55 گیندوں پر 91 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی،
تاہم ان کی کوشش ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہی۔ کامندو مینڈس نے 23 جبکہ داسن شناکا نے 15 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عمران رندھاوا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رضا اللہ، صائم ایوب اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عمران اور رضا اللہ اس میچ میں اپنا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کررہے ہیں۔
قومی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کررہے ہیں، جبکہ پلیئنگ الیون میں فخر زمان، معاذ صداقت، حسن نواز، صائم ایوب، شاداب خان، خواجہ نافع، نسیم شاہ اور ابرار احمد بھی شامل ہیں۔
سری لنکن ٹیم کی قیادت کوشل مینڈس کررہے ہیں۔ مہمان ٹیم کی پلیئنگ الیون میں لہرو اودارا، کامل مشارا، کامندو مینڈس، سہان آراچگے، داسن شناکا، دونتھ ویلالگے، مہیش تھیکشانا، دشمنتھا چمیرا، ایشان ملنگا اور نووان تھشارا شامل ہیں۔
ٹاس کے موقع پر سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ پچ دیکھنے میں بہت اچھی لگ رہی ہے پاورپلے میں اچھا اسکور بنانا اہم ہو گا، کوشش کریں گے پاور پلےکا بھرپور فائدہ اٹھائیں ہمارے چنداہم کھلاڑی انجرڈ ہیں لیکن نئے کھلاڑی بھی اچھے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیزیز کا دوسرا میچ 11 اور تیسرا میچ 13 اکتوبر کو اسی میدان پر ہوگا۔
گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پاکستانی ٹی 20 ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان اور سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ پینل میں سابق کپتان سلمان بٹ، سابق کرکٹرز عروج ممتاز، عامر سہیل اور بازید خان شامل ہیں۔
زینب عباس سیریز کے دوران پریزنٹر کے فرائض انجام دیں گی۔
ٹی 20 سیریز کے بعد سہ فریقی ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی، جس کی تیسری ٹیم انگلینڈ ہوگی۔



