لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران قومی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم ہاتھ میں فریکچر کے سبب انگلینڈ کے خلاف مکمل سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بابر اعظم 68رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ بین اسٹوکس کی شارٹ گیند بابر کے ہاتھوں سے جا لگی۔گیند بابر کی الٹی کلائی پر لگی جس کی وجہ سے وہ کھیل جاری نہ رکھ سکے اور ٹیم فزیو نے میدان میں آ کر ان کی انجری کا معائنہ کیا اور میجک اسپرے سے بھی تکلیف دور نہ ہونے پر انہیں میدان سے باہر لے جانے کا فیصلہ کیا۔بعد میں مڈل آرڈر بلے باز کے ہاتھ کا ایکسرے ہوا تو اس میں فریکچر کا انکشاف ہوا جس کے سبب اب بابر مزید بیٹنگ نہیں کر سکیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل نے تصدیق کی کہ بابر کے ہاتھ میں فریکچر ہوا ہے جس کے سبب ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشور دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم اب انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مزید شرکت نہیں کر سکیں گے اور پہلی دستیاب فلائٹ سے وطن واپس لوٹ جائیں گے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کی جگہ کوئی متبادل کھلاڑی انگلینڈ نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔بابر کی انجری کے بعد پی سی بی نے چیف سلیکٹر انضمام الحق سے رابطہ کیا اور مشاور کے بعد کسئی متبادل انگلینڈ نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان سے متبادل نہ بھیجنے کے بعد اب دوسرے ٹیسٹ میچ میں بابر کی جگہ سعد علی یا عثمان صلاح الدین میں سے کسی کو ڈیبیو کرایا جائے گا۔واضح رہے کہ بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 350 رنز بنا کر 166رنز کی بڑی برتری حاصل کر لی ہے۔