کیو(سپورٹس لنک رپورٹ)فٹبال کلب ریال میڈرڈ نے یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں لیور پول کو شکست 1-3 سے شکست دے کر مسلسل تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔یوکرین کے شہر کیو کے نیشنل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں ریال میڈرڈ نے مجموعی طور پر 13ویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی جب کہ مخالف ٹیم لیور پول نے آخری مرتبہ 2005 میں ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔ ریال میڈرڈ کی جانب سے گیراتھ بیل نے 2 گول کیے جب کہ لیور پول کو میچ کے دوران اس وقت دھچکا لگا جب پہلے ہاف میں ہی اسٹار فٹبالر محمد صلاح زخمی ہونے کے بعد میدان بدر ہوئے۔محمد صلاح کے زخمی ہونے پر لیور پول کے حامی تماشائی جذباتی ہوگئے اور کئی آبدیدہ بھی دکھائی دیے۔
کھیل کے پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی لیکن دوسرے ہاف کے 50ویں منٹ میں ریال میڈرڈ کی جانب سے کریم بیننزیمانے نے گول کیا جس کے 4 منٹ بعد ہی لیور پول کے سادیومانے نے کھیل کے 54ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ ایک ایک سے برابر کیا۔ ریال میڈرڈ کی جانب سے گیراتھ بیل نے کھیل کے 63ویں اور 82ویں منٹ میں یکے بعدیگرے 2 گول کر کے لیول پول کی شکست کو یقینی بنایا۔ مقررہ وقت کے ختم ہونے تک ریال میڈرڈ کی لیور پول پر 1-3 کی برتری برقرار رہی، ریال میڈرڈ کے جیتنے پر ٹیم کے سپورٹرز نے میدان میں ہی جشن منایا اور مخالف ٹیم کے حامی مایوس دکھائی دیے۔