لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس نے آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون بولر بننے کی خواہشمند ہیں۔دائیں ہاتھ کے تیز بولر محمد عباس نے لارڈز ٹیسٹ میں 64 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔وہ وسیم اکرم اور وقار یونس کے بعد لارڈز میں یہ اعزاز حاصل کر نے والے پاکستان کے تیسرے تیز بولر تھے، یہی نہیں اس کارکردگی کے بعد 28 سال کے فاسٹ بولر آئی سی سی ٹیسٹ ریکنکنگ میں ترقی پاکر اب 20 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔عباس سے ایک درجے اوپر 18 ویں پوزیشن پر یاسر شاہ ہیں جو ان فٹ ہونے کے باعث قومی ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ نہیں آئے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں “نمبر ون” بولر بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال جب انہوں نے ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا، تو سیریز کے اختتام پر وہ 64 ویں نمبر پر تھے لیکن ڈبلن میں آئر لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی پر ان کی رینکنگ 29ہو گئی تھی، جو اب مزید بہتری کے ساتھ 20ہے۔محمد عباس اس بات پر بھی خوش ہیں کہ انھیں کیریئر میں پہلی بار ٹیسٹ کے بہترین بولر ہونے کا موقع کرکٹ کے گھر لارڈز میں ملا۔یاد رہے کہ دائیں ہاتھ کے تیز بولر نے 7 ٹیسٹ میچوں میں اب تک 40 وکٹیں حاصل کی ہیں ،جو پہلے 7 ٹیسٹ کے دوران سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا پاکستان بولر کی جانب سے ایک نیا ریکارڈ بھی ہے۔