لیڈز(سپورٹس لنک رپورٹ) انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 174 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں دن کے اختتام پر میزبان ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنالیے تھے۔لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ کو ابتدا ہی سے انگلش بولروں نے پریشان رکھا۔ گرین شرٹس کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز امام الحق تھے جو اسٹورٹ براڈ کی گیند پر سلپ میں موجود انگلش کپتان جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔امام الحق کے بعد اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین اظہر علی تھے جو براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ حارث سہیل 28 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند کا شکار بنے۔پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا جب اسد شفیق 27 رنز بناکر ووکس کی گیند پر ایلسٹر کک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔آگے آنے والے بیٹسمین بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ کپتان سرفراز احمد 14، عثمان صلاح الدین 4 جبکہ فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر گرین شرٹس کا اسکور سات وکٹوں کے نقصان پر 79 رنز تھا۔
پاکستان کے اختتامی بلے بازوں نے کچھ مزاحمت دکھائی اور آخری تین وکٹیں اسکور میں 95 رنز بنانے میں کامیاب رہیں۔شاداب خان اور محمد عامر کے درمیان 34، شاداب اور حسن علی کے درمیان 43 جبکہ شاداب اور محمد عباس کے درمیان 18 رنز کی شراکت نے پاکستان کو شرمندگی سے بچالیا۔شاداب خان نے 10 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن 3، اسٹورٹ براڈ 3، کرس ووکس 3 جبکہ ڈیبیو کررہے سیم کورن نے ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز شاندار رہا۔ میزبان ٹیم کے اوپنرز ایلسٹر کک اور کیٹن جیننگز نے 53 رنز کا آغاز فراہم کیا۔29 رنز بناکر جیننگز فہیم اشرف کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز ایلسٹر کک تھے جو حسن علی کی گیند کا شکار بنے۔ انہوں نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔دن کے اختتام پر جو روٹ (29) اور ڈومینک بیس (0) کریز پر موجود تھے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلیںڈ کو شکست دے کر 22 سال بعد سیریز اپنے نام کرنے کا خواہاں ہے۔پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ لیڈز وکٹ بیٹنگ کے سازگار نظر آ رہی ہے اور اس کا فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔انگلینڈ کو پاکستان کا اسکور برابر کرنے کے لیے اب صرف 68 رنز کی ضرورت ہے جبکہ میچ پر اس کی گرفت انتہائی مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔