لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)بھارت اور انگلینڈ کے درمیان3ٹی 20 اور 3 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے انگلش کرکٹ بورڈ اپنی 14 رکنی ٹیم کے نام سامنے لے آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق انگلش ٹیم کے اعلان کردہ 14 رکنی اسکواڈ میں آلرائونڈر بین اسٹوکس کی ٹیم میں واپسی ہوئی جو پاکستان کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے بعد ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے، انہیں سیم بلنگنز کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جائے گا اور ممکنہ طور پر وہ بھارت کے خلاف تیسرے ٹی 20 میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
اسٹوکس کی ٹیم میں واپسی پر کوچ پال فاربریس کا کہنا ہے کہ بین اسٹوکس ایک ایسا آل رائونڈر ہے جو زبردست بیٹنگ، بولنگ کے علاوہ اچھی فیلڈنگ بھی کرسکتا ہے اور اسے جنتی جلدی ٹیم میں شامل کرلیا جائے اتنا ہی ٹیم کے لیے اچھا ثابت ہوگا تاہم اس کے واپس آنے سے ٹیم کا بیٹنگ آڈر ضرور تبدیل ہوگا جو ٹیم انتظامیہ کے لیے درد سر ہے۔بھارتی سورمائوں کے خلاف انگلینڈ کی اعلان کردہ 14 رکنی ٹیم میں کپتان ایون مورگن، جیسن روئے، جونی بیئر اسٹو، جوس بٹلر، معین علی، الیکس ہیلز، جو روٹ، جیک بال، بین اسٹوکس، ڈیوڈ ولی، لیام پلنکٹ، ٹام کرین، عادل راشد اور مارک ووڈ کے نام شامل ہیں۔واضح رہے کہ بھارت 3 جولائی سے شروع ہونے والے اپنے دورہ انگلینڈ کے پہلے مرحلے میں 3ٹی 20کھیلے گی پھر 3 ون ڈےاور آخری مرحلے میں 5 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے