ہرارے(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹسمین محمد حفیظ ٹیم میں واپس آنے کے بعد اپنی کارکردگی سے توقعات پوری نہ کرسکے جبکہ کوچ مکی آرتھر نے محمد عامر کو انجریز سے بچانے کے لیے مخصوص اور اہم میچز میں کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
محمد حفیظ کی بیٹنگ میں ناقص کارکردگی نے ان کے کیریئر پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ ٹیسٹ آل راؤنڈر محمد حفیظ ٹیم میں واپسی کے بعد انتظامیہ کی توقعات پر پورا نہیں اترسکے ہیں اور سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دونوں میچز میں ناکام رہنے کے بعد ٹور سلیکشن کمیٹی نے محمد حفیظ کو بدھ کو زمبابوے کے خلاف تیسرے میچ میں ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محمد حفیظ دو ماہ بعد 37 سال کے ہوجائیں گے، انہیں بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم میں جگہ ملی تھی۔ حفیظ نے اگر پاکستان ٹیم میں اپنی بیٹنگ کارکردگی میں بہتری پیدا نہ کی تو ان کیلئے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گی۔
اس وقت قومی سلیکٹرز ورلڈکپ کے لیے منصوبی بندی کررہے ہیں اور حفیظ کی مسلسل خراب کارکردگی ان کا کیس کمزور کررہی ہے۔
امکان ہے کہ پاکستان ٹیم میں فاسٹ بولر محمد عامر اور بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کو شامل کیا جائے گا۔
پاکستان نے پہلے میچ میں زمبابوے کو74 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 9 وکٹ سے ہرا دیا تھا۔
زمبابوے کے خلاف ہونے والا سیریز کا تیسرا میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان فائنل کے لیے کوالیفائی کرلے گا۔
محمد حفیظ نے پہلے میچ میں زمبابوے کے خلاف 7 رنز بنائے تھے اور 3 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف اہم ترین میچ میں صفر پر آوٹ ہوئے تھے۔
حارث سہیل جو عام طور پر مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہیں انہیں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اوپنر کی حیثیت سے آزمانے کا تجربہ کیا جائے گا۔
فاسٹ بولر محمد عامر کو پاکستانی ٹیم انتظامیہ روٹیشن پالیسی کے تحت کھلار ہی ہے۔ عامر نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا جس کے بعد انہیں تین میچوں میں آرام دیا گیا۔
زمبابوے کے خلاف میچ میں محمد عامر آل راؤنڈر محمد نواز کی جگہ لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک ٹورنامنٹ کا ہر میچ نئی پچ پر ہورہا ہے، اگر پاکستان اور زمبابوے کے میچ میں تازہ وکٹ استعمال نہیں ہوئی تو محمد نواز کو برقرار رکھا جاسکتا ہے تاہم اس کے امکانات بہت کم ہیں۔
محمد نواز دونوں میچوں میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔ منگل کو ہرارے میں پاکستانی ٹیم کا آپشنل ٹریننگ سیشن تھا جس میں کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، حارث سہیل، شاہین شاہ آفریدی، حسین طلعت اور صاحبزادہ فرحان نے شرکت کی۔
تین قومی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا دونوں میچ جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے، پاکستان نے دو میں سے ایک میچ جیتا اور ایک ہارا ہے اس کے 4 پوائنٹس ہیں جبکہ میزبان زمبابوے دونوں میچ ہار چکا ہے۔