ہرارے(سپورٹس لنک رپورٹ) گلین میکسویل اور ٹریوس ہیڈ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے سہ ملکی سیریز کے آخری راؤنڈ میچ میں میزبان زمبابوے کو سخت مقابلے کے بعد 5وکٹوں سے شکست دے دی۔جمعہ کو کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے چھٹے اور آخری راؤنڈ میچ میں زمبابوے کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بناکر کینگروز کو میچ میں کامیابی کے لئے 152 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔زمبابوے کی جانب سے سولومون کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا جنہوں نے 52 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے جبکہ پیٹر مور نے 30رنز بنائے۔آسٹریلیا کی طرف سے اینڈریو ٹائے نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رچرڈ سن اور اسٹین لیک نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلین ٹیم صرف 26رنز پر اپنے دونوں اوپنرز کپتان ایرون فنچ اور ایلکس کیری کی خدمات سے محروم ہو گئی جس سے زمبابوے میچ میں واحد فتح حاصل کرنے کی موہوم سی امید پیدا ہوئی۔لیکن میکسویل اور ہیڈ نے زمبابوے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور تیسری وکٹ کے لیے 103 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔میکسویل نے 38 گیندوں پر 5 چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔زمبابوے نے اتار چڑھاؤ سے بھرپور اس میچ میں واپسی کی پھر سے کوشش کی اور میکسویل کے بعد نک میڈنسن اور پھر 48 رنز بنانے والے ہیڈ کو بھی پویلین رخصت کردیا۔تاہم اسکور بورڈ پر زیادہ رنز نہ ہونے کے سبب وہ آسٹریلیا کو روکنے میں ناکام رہے اور مہمان ٹیم نے ایک گیند قبل ہدف حاصل کر کے میچ میں 5وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔اینڈریو ٹائے کو عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کا فائنل پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان اتوار کو کھیلا جائے گا۔