کارڈف (سپورٹس لنک رپورٹ)بھارت اور انگلینڈ کےمابین کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں بھارتی سورمائوں نے انگلش ٹیم کو 7 وکٹ سے مات دے کر3 میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی ۔ بھارت نے 199رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کیا جبکہ سنچری اسکور کرنے پر روہت شرما مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز اپنے نام کرگئے۔بھارت نے انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 199رنز کے ہدف کا بھرپور طریقے سے جواب دیا جبکہ 62رنز کے اسکور پر ان کے 2بیٹسمین شیکھر دھوون 5 اور لوکیش رائول 19رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے تاہم کپتان کوہلی نے روہت کے ساتھ تیسرے وکٹ پر 89رنز کی شراکت بنائی اور جارحانہ کھیل پیش کرکے ٹیم کو جیت کے ٹریک پر ڈال دیا۔ٹیم کا اسکور 151رنز تھا کہ کپتان کوہلی 43رنز بنا کر کرس جارڈن کی وکٹ بن گئے تاہم دوسرے طرف سے روہت شرما نے اپنی دھواں دھار اننگز جاری رکھی اور 56گیندوں پر 5 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے سنچری بنا ڈالی اور آخر تک ناقابل شکست رہے جبکہ ہردیک پانڈیا نے 14گیندوں پر برق رفتار 33 رنز بناکر ٹیم کو سیریز جتوادی تاہم انگلش بولرز کی جانب سے ڈیوڈ ولی، کرس جارڈن اور جیک بال ایک، ایک وکٹ لے سکے۔اس سے قبل میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو انگلش اوپنرز جیسن روئے اور جوس بٹلرنے بھارتی ٹاس جیت کو غلط قرار دے دیا اور شروع کے 8 اووز میں 94رنز جوڑ دیےاور ایک بڑے ہدف کی بنیاد قائم کردی۔ادھر بھارتی بولرز نے انگلش ٹیم کے خلاف آخری اوورز میں زبردست فائٹ بیک کیا اور انگلش ٹیم کی پے در پے وکٹیں حاصل کرکے ان کو بیک فٹ پر دکھیل دیا، ہردیک پانڈیا نے 4 شکار کیے جبکہ سدھارتھ کول نے 2 وکٹیں لیں۔انگلینڈ نے مقررہ 20اوورز میں 9 وکٹوں پر 198رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ٹیم کی جانب سے جیسن روئے نے سب سے زیادہ 67رنز اسکور کیے انہوں نے 31گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چھکے اور 4 چوکے لگائے تاہم جوس بٹلر 34رنز، ایلکس ہیلز 30اور جونی بیئراسٹو 25رنز بنا کر نمایاں رہے۔دوسری جانب انگلینڈ نے آج اپنی ٹیم میں جو روٹ کی جگہ آل رائونڈر بین اسٹوکس کو شامل کیا جبکہ بھارتی ٹیم میں کلدپ یادو اور بھونیشور کمار کی جگہ سدھارتھ کول اور دیپک چاہر کو جگہ دی گئی تھی۔