ہرارے (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے فخر زمان کو بڑے میچ کا کھلاڑی قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اوپنر اس وقت بہترین فارم میں ہیں جو ٹیم کیلئے بھی اچھی بات ہے ۔اگر وہ ایسی کارکردگی کا مسلسل مظاہرہ کریں گے تو اپنے کیریئر میں مزید بلندیوں کو چھوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فخر زمان نے آسٹریلیا کیخلاف فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ اس سے قبل وہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھی انتہائی متاثر کن کھیل پیش کر چکے ہیں۔وہ اہم مقابلوں میں گرین شرٹس کو مایوس نہیں کرتے ۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ فخر زمان کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی غلطی سے رن آؤٹ ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بالرز نے ابتدائی چھ اوورز میں اچھی بالنگ کی جبکہ محمد عامر کا آخری اوور متاثر کن تھا ۔ سہ فریقی سیریز کا پہلا میچ بری طرح سے ہارنے کے بعد جس انداز میں ٹیم نے کم بیک کیا، اس پر فخرکیا جا سکتا ہے ۔ سیریز میں فخر زمان اور شعیب ملک اچھا کھیلے ۔زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مخالف ٹیم سے ہوم کنڈیشنز میں سیریز آسان نہیں ہو گی اور میچوں میںٹاس اہم کردار ادا کرے گا۔مکی آرتھر بیٹنگ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اس کے علاوہ گرانٹ فلاور بھی بیٹسمینوں پر کافی محنت کرتے ہیں۔