لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) شہرہ آفاق سوئس اسٹار اور دفاعی چیمپیئن راجر فیڈرر اور میلوس راؤنک فتوحات برقرار رکھتے ہوئے سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے جبکہ سرینا ولیمز بھی کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئیں۔لندن میں جاری میگا ایونٹ میں پیر کو کھیلے گئے مینز سنگلز پری کوارٹر فائنلز میں راجر فیڈرر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف فرانسیسی کھلاڑی ایڈرین منارینو کو اسٹریٹ سیٹ میں 0-6، 5-7 اور 4-6 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔کینیڈین کھلاڑی میلوس راؤنک بھی پری کوارٹر فائنل مرحلہ عبور کرنے میں کامیاب رہے اور انہوں نے حریف امریکی کھلاڑی میک ڈونلڈ کو سخت مقابلے کے بعد 3-6، 4-6، 7-6 اور 2-6 سے ہرا کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔خواتین کے مقابلوں میں اسٹار امریکی کھلاڑی سرینا ولیمز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف روسی کھلاڑی ایوگینیا روڈینا کو 2-6 اور 2-6 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔جرمن کھلاڑی اینجلیق کربر بھی پری کوارٹر فائنل رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہیں اور انہوں نے بین کک کو شکست فاش سے دوچار کیا۔جرمنی کی جولیا جارجز نے ویکچ کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا جبکہ ہالینڈ کی کیکی برٹنز نے جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو 3-6 اور 6-7 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔