کولمبو(سپورٹس لنک رپورٹ)رنگنا ہیراتھ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں با آسانی 199 رنز سے ہرا کر سیریز میں 2-0 سے وائٹ واش کر دیا، جنوبی افریقن ٹیم 489 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 290 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، تھیونس ڈی بروئن کی شاندار سنچری اور ٹیمبا باووما کی 63 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، ہیراتھ نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، دیمتھ کرونارتنے کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پیر کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقن ٹیم نے 139 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو تھیوس ڈی بروئن 45 اور باووما 14 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا، دونوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 123 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 236 تک پہنچا دیا، یہ پارٹنرشپ آئی لینڈرز کیلئے خطرہ بنتی جا رہی تھی کہ ہیراتھ نے باووما کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ ڈالی، باووما نے 63 رنز بنائے، ڈی کوک بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور صرف 8 رنز بنانے کے بعد ہیراتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، 280 کے سکور پر پروٹیز کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب ڈی بروئن جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے شاندار سنچری مکمل کرنے کے بعد 101 کے سکور پر ہیراتھ کی گیند پر بولڈ ہوئے، کگیسوربادا 18 رنز بنا کر چلتے بنے، 290 کے سکور پر پروٹیز کی آخری وکٹ گری جب ڈیل سٹین 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ہیراتھ نے 6 دلروون پریرا اور دانن جایا نے 2، 2 وکٹیں لیں۔