برمنگھم (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ یکم اگست سے برمنگھم میں شروع ہو گا۔اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کھیلی جا چکی ہیں، ٹی ٹونٹی سیریز میں بھارت 2-1سے کامیاب رہا تھا جبکہ میزبان انگلینڈ نے بھارت کو ون ڈے سیریز میں اسی مارجن سے ہرا کر بدلہ چکا لیا تھا اور اب دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز جیتنے کیلئے جنگ ہو گی، انگلش بلے بازوں کو بھارتی سپنرز جبکہ بھارتی بلے بازوں کو میزبان ٹیم کے مضبوط فاسٹ باؤلنگ اٹیک کا چیلنج درپیش ہو گا، ہوم کنڈیشنز کی وجہ سے میزبان انگلش ٹیم کو ٹیسٹ سیریز کیلئے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تاہم دوسری جانب کوہلی الیون بھی مضبوط، تجربہ کار اور متوازن ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 9سے 13اگست، تیسرا ٹیسٹ 18سے 22اگست، چوتھا ٹیسٹ 30 اگست سے 3 ستمبر جبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ 7 سے 11 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔