صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے سکواش کے کھیل کے فروغ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کو 5کروڑ روپے کا چیک دیا ہے، وزیرکھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پاکستان نے سکواش کی دنیا میں حکمرانی کی ہے ، جہانگیر خان اورجان شیر خان جیسے کھلاڑی دنیا میں سکواش کے لیجنڈ ہیں، سکواش کے فروغ کیلئے تعاون کرتے رہیں گے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب سکواش کے فروغ کیلئے ہر طرح کا تعاون کررہا ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میںپنجاب سکواش ایسوسی ایشن کو 5کروڑ روپے کاچیک دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم مختار، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ اور ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشید چوہان بھی موجود تھے،صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے مزید کہا کہ صرف کرکٹ ہی نہیں ہم ہر کھیل کو فروغ دیں گے، ٹیلنٹ کسی بھی کھیل کا ہو ہم ہرطرح سے تعاون کریں گے، پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن سے مل کر باکسنگ چیمپپئن شپ کرائی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن”کوئی اتھلیٹ پیچھے نہ رہے” کے مطابق ہر کھیل کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں تاکہ تمام کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملیں، پاکستان سکواش میں اپنا کھویا ہوا مقام جلد دوبارہ حاصل کرلے گا، اس کے لئے پنجاب سکواش ایسوسی ایشن اور سپورٹس بورڈ پنجاب مل کر کام کریں گے اور جہانگیر خان، جان شیر خان جیسے عالمی کھلاڑی پیدا کریں گے۔
سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ سکواش نوجوانوں کا پسندیدہ کھیل ہے اور اس میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، پنجاب سکواش ایسوسی ایشن سے ہر ممکن تعاون کرتے رہیں گے، پنجاب میں پہلی مرتبہ ڈویژن کی سطح پر باکسنگ ایرینا بنا رہے ہیںہمارے پنجاب بھر میں 22جمنیزیم تیار ہوچکے ہیں،اسی طرح 50کروڑ کی لاگت سے باکسنگ کمپلیکس بھی تعمیرکررہے ہیں ، اگلے پندرہ روز میں اس کا ٹھیکہ دیدیا جائے گا اور دن رات کام کرکے اسے جلد مکمل کریں گے۔
پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم مختار نے کہا ہے کہ وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ اور سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کا مشکور ہوں جنہوں نے سکواش کے فروغ کیلئے فنڈز دیئے ہیں، اگلے سپورٹس کیلنڈر میں 15سے20مقامی سکواش ٹورنامنٹس جبکہ2 سے3 انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کرائیں گے، ان ٹورنامنٹس کے انعقاد سے سکواش کے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ اس موقع پر مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے جس کے تحت سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب سکواش ایسوسی ایشن سکواش کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں گے۔