ٹیسٹ کرکٹر افتخار احمد کی شاندار سنچری اور فاسٹ بولر سمیع اللہ نیازی کی تباہ کُن بولنگ کی بدولت سوئی ناردرن گیس کی قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں فتح یقینی ہوگئی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فائنل کے چوتھے روز ایس این جی پی ایل نے نامکمل دوسری اننگز ایک سو اکتالیس رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔
افتخار احمد اور محمد رضوان نے ذمہ داری کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا ۔ دونوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ایس این جی پی ایل نے دوسری اننگز میں دو سو اڑسٹھ رنز بنائے۔
افتخار نے ایک سو چھ اور رضوان نے اکیانوے رنز اسکور کیے، محمد آصف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پہلی اننگز میں بارہ رنز کی برتری حاصل کرنے والی واپڈا کی ٹیم کو میچ جیتنے کیلئے دو سو ستاون رنز کا ہدف ملا لیکن سمیع اللہ نیازی کی تباہ کن بولنگ کے سامنے واپڈا کی بیٹنگ لائن لڑکھڑاگئی، چوتھے دن کھیل ختم ہونے تک واپڈا نے سات وکٹ پر ایک سو آٹھ رنز بنالئے تھے۔
سمیع اللہ نے پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جس کے ساتھ ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی پانچ سو وکٹیں بھی مکمل ہوگئیں۔