جوہانسبرگ(سپورٹس لنک رپورٹ) سیریز کے پہلے دونوں ٹیسٹ میں ناکام قومی کرکٹ ٹیم نے ساکھ بچانے کے لئے آج جوہانسبرگ ٹیسٹ کی تیاریاں شروع کر دیں، گیارہ جنوری کے آخری امتحان میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔جنوبی افریقہ دورہ ابھی تک گرین کیپس کے لیئے خوفناک خواب ثابت ہوا ہے اور ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ جمعہ سے جوہانسبرگ میں شیڈول ہے، جس کے لئے سرفراز الیون نے آج سے تیاریوں کا آغاز کر دیا۔کوچز کی نگرانی میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی سخت جان پریکٹس، خصوصی ٹِپس اور لیکچرز کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں متوقع ہیں، آؤٹ آف فارم فخر زمان اور لیگ سپنر یاسر شاہ کو آرام دیا جا سکتا ہے۔ ان کی جگہ محمد رضوان اورآل راؤنڈر فہیم اشرف کو کھلانے کا امکان ہے۔پاکستان کے لئے واحد اچھی خبر سلو اوور ریٹ کی وجہ سے پابندی کا شکار میزبان کپتان فاف ڈوپلسیز جوہانسبرگ ٹیسٹ میں اِن ایکشن نہیں ہوں گے۔