سڈنی (سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 34 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، بھارتی ٹیم 288 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 254 رنز بنا سکی، روہت شرما اور دھونی کے سوا بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی کینگروز باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، شرما کی 133 رنز کی دلکش اننگز اور دھونی کی ففٹی بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، پیٹر ہینڈز کامب، عثمان خواجہ اور شان مارش نے شاندار نصف سنچریاں سکور بنا کر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، رچرڈسن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ہفتہ کو سڈنی میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلوی قائد ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 288 رنز بنائے، آسٹریلوی اننگز کا ا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 41 کے سکور پر دونوں اوپنرز فنچ 6 اور ایلکس کیری 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد پیٹر ہینڈز کامب، عثمان خواجہ، شان مارش اور مارکس سٹوئنس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، ہینڈزکامب 73 رنز بنا کر نمایاں رہے، عثمان خواجہ 59 اور شان مارش 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سٹوئنس 47 اور میکسویل 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بھنشور کمار اور کلدیپ یادیو نے 2، 2 اور روندرا جدیجا نے ایک وکٹ لی۔جواب میں بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 254 رنز بنا سکی، بھارتی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 4 کے سکور پر اس کے ابتدائی 3 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، شیکھر دھون اور امباتی رائیڈو بغیر کوئی رن بنائے جبکہ کپتان ویرات کوہلی 3 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر روہت شرما اور دھونی کینگروز باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 137 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 141 تک پہنچا دیا، یہ پارٹنرشپ کینگروز کیلئے خطرہ بنتی جا رہی تھی کہ یہاں پر بہرنڈورف نے دھونی کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، انہوں نے 51 رنز بنائے، دنیش کارتھک 12 اور جدیجا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 221 کے مجموعی سکور پر بھارت کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب روہت شرما جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 133 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد سٹوئنس کی گیند کا نشانہ بنے، کلدیپ یادیو 3 رنز بنا سکے، شامی نے ایک رن بنایا، بھنشور کمار 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، رچرڈسن نے 4، بہرنڈورف اور سٹوئنس نے 2، 2 اور پیٹر سڈل نے ایک وکٹ لی۔