ڈربن (سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں کپتان سرفراز احمد اور حسن علی نے عمدہ شراکت قائم کر کے پاکستان کے لیے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ڈربن میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو 112 رنز پر پاکستان کی آٹھ وکٹیں گر چکی تھیں اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستانی ٹیم 150رنز بھی نہیں بنا سکے گی۔تاہم اس موقع پر کپتان سرفراز احمد اور حسن علی نے عمدہ بیٹنگ کر کے جنوبی افریقی ٹیم کے ارمانوں کو خاک میں ملا کر پاکستان کو معقول مجموعے تک رسائی دلا دی۔دونوں کھلاڑیوں نے 90 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی جانب سے نویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔حسن علی نے 59 اور سرفراز نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔اس سے قبل پاکستان کی جانب سے نویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ شعیب ملک اور محمد سمیع کے پاس تھا جنہوں نے 2007 میں سنچورین کے مقام پر جنوبی افریقہ کے خلاف ہی یہ ریکارڈ بنایا تھا۔یہ ناصرف اس وکٹ کے لیے پاکستان کی جانب سے ریکارڈ ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ڈربن میں بھی نویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ ہے۔ون ڈے کرکٹ میں نویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ سری لنکا کے اینجلو میتھیوز اور لاستھ ملنگا کے پاس ہے جنہوں نے 2010 میں 132 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے میزبان آسٹریلیا سے یقینی فتح چھین لی تھی۔