کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) کے سی سی اے زونIIIکے زیر اہتمام جاری عبدالحمید کھتری انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید 2میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں نے باآسانی کامیابیاں سمیٹیں۔ آر ایل سی اے گراؤنڈ گلبرگ پر لائنز ایریا جیم خانہ نے صادق جیم خانہ کیخلاف 120رنز سے فتح اپنے نام کی جبکہ کے جی اے جیم خانہ گراؤنڈ پرشمیل سی سی نے برائٹ جیم خانہ کو 177رنز سے شکست دی۔ امت روی نے سنچری اسکور کی۔ آغا صفدر ،عبدالرافع اور ذیشان جمیل نے نصف سنچریاں بنائیں۔ذیشان ممسا نے 4وکٹیں اپنے نام کیں۔معصوم علی‘عبدالہادی‘ منان خان کے 3,3شکارکئے۔لائنزایریا جیم خانہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 39اوورز میں تمام وکٹوں پر 223رنز جوڑے۔ آغا صفدر نے 67رنز میں 9چوکے، عبدالرافع نے 51رنز مین 4چوکے لگائے۔ امان اﷲ اوراسرار احمد نے 25,25رنز اسکور کئے۔ مصطفی غلام نے 30رنز کے عوض 3جبکہ زرق خان اور اسامہ نسیم کے حصہ میں 2,2وکٹیں آئیں۔صادق جیم خانہ کی پوری ٹیم 24.2اوورز میں 108رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ زرق خان 22رنز میں 5چوکے لگانے میں کامیاب رہے۔ طلحہ شہزاد نے 16رنز میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔وقاص یامین کے 14رنز ایک چوکے کی مدد سے بنے۔معصوم علی اور عبدالہادی نے 3,3کھلاڑیوںکو نشانہ بنایا۔اسرار احمد نے 2وکٹوں پر ہاتھ صاف کیا۔ایمپائرز محمد یونس اور زاہد اقبال جبکہ آفیشل اسکورر ناظم الدین تھے۔ شمیل سی سی نے مقررہ 35اوورز کا سامنا کرکے 7وکٹوں پر 298رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر آویزاں کیا۔ امت روی نے 120رنز اور رانا آدرش نے 50رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ پر 141رنز جوڑے۔ ذیشان جمیل نے 74رنز اسکور کئے انہوں نے امت روی کے ہمراہ دوسری وکٹ پر 122رنز سمیٹے۔ ذیشان ممسا نے 39رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔نعمت آفریدی کو 76رنز پر 2وکٹ ملیں۔برائٹ جیمخانہ کی جوابی اننگز 121رنز پر تمام ہوئی جب 27.4مکمل ہوئے۔مبشر احمد 38، ذیشا ن ممسا 31اور رضوان خان نے 11رنز کی اننگز کھیلی۔ منان خان نے 10رنز پر 3کھلاڑیوں کومیدان بدر کیا۔ واحد علی اور ذاکر محمود کے حصہ میں 2,2وکٹیں آئیں۔ ایمپائرز جلال اکبر اور اختر قریشی تھے۔