لاہور(جی سی این رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم نے سرفراز احمد کو ہی کپتان برقرار رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد سے غلطی ہوئی جس کی انہیں سزا مل گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ سرفراز کی غلطی کو پوری دنیا میں ہم نے خود اجاگر کیا، سوشل میڈیا پر بار بار سرفراز کے جملے دہرائے گئے۔ سرفراز پر پابندی سے کچھ لوگ خوش ہیں۔جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ڈریسنگ روم میں کپتان اور کوچ کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی پر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ خراب کارکردگی پر کپتان اور کوچ ٹیم کو لوری تو نہیں سنائیں گے۔وسیم اکرم نے کہا کہ ٹیم کی خراب کارکردگی پر غصہ آتا ہے لیکن ڈریسنگ روم کی باتیں باہر نہیں آنی چاہئیں۔قومی ٹیم کے کپتان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ہمیں شارٹ ٹرم نہیں لانگ ٹرم کپتان چاہیے۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ شعیب ملک ورلڈ کپ کے بعد نہیں رہیں گے، سرفراز کو ہی کپتان رہنا چاہیے کیونکہ ورلڈ کپ سر پر ہے، پی سی بی کو قومی ٹیم کا نائب کپتان مقرر کرنا ہو گا۔