کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ شعیب اختر نے تنقید نہیں کی ذاتی حملے کئے ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے 4 میچز کی معطلی کے بعد سرفراز احمد جنوبی افریقا سے کراچی پہنچ گئے۔ائر پورٹ پر سرفراز احمد کے مداحوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پرقومی ٹیم کے کپتان کے حق میں نعرے درج تھے۔میڈیا سے گفتگو میں سرفراز احمد نے کہا کہ جو غلطی کی اس کی سزا مل گئی ہے، جنوبی افریقا میں ایک میچ کےلئے رکنے سے کوئی فرق نہیں پڑنا تھا۔سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی طرف سے کی جانے والی تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ وہ تنقید نہیں پرسنل اٹیک کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پانچ ماہ سے کرکٹ کھیل رہے ہیں،اچھا ہے پی ایس ایل سے پہلے کچھ آرام مل جائے گا۔ڈربن واقعے کے بعد شعیب اختر نے کہا تھا کہ سرفراز احمد کو معلوم ہونا چاہیے کہ کہاں کیا بات کرنی ہے۔انہوں نے سرفراز احمد سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور کہا تھاکہ کپتان کا انجام ٹھیک نہیں لگ رہا۔سرفراز احمد کی معذرت کے بعد 4 میچز کی پابندی لگنے پر شعیب اختر نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرفراز احمد بہت سستے میں چھوٹ گئے ہیں۔