دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز آج ہو گیا ہے جس میں جنون گروپ سمیت دیگر فنکار پرفارم کریں گے۔پی ایس ایل 4 کی افتتاحی تقریب پاکستانی وقت کے مطابق آج 8 بجکر 45 منٹ پر دبئی میں شروع ہوئی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ایونت منعقد کرانے پر یو اے ای حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ دنیا کی بڑی لیگ ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے شائقین کو خوش آمدید کہتا ہوں۔چیئرمین پی سی بی نے ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کی جیت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔افتتاحی تقریب میں جنون گروپ، فواد خان اور آئمہ بیگ سمیت دیگر فنکار پرفارم کریں گے۔تقریب میں پرفارم کرنے والے امریکی فنکار پٹ بل نے شرکت سے معذرت کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ طیارے میں فنی خرابی کے باعث رنگا رنگ تقریب کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔تقریب کے بعد ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کے فرائض اس بار محمد سمیع کو سونپے گئے ہیں جب کہ اسکواڈ میں لیوک رونچی، حسین طلعت، فہیم اشرف، آصف علی، این بیل، فلپ سالٹ، صاحبزادہ فرحان، رومان رئیس، سمٹ پٹیل، شاداب خان، کیمرون ڈیلپورٹ، ظفر گوہر، وقاص مقصود، موسیٰ خان، ناصر نواز شامل ہیں۔لاہور قلندرز کی قیادت محمد حفیظ کریں گے، جن کے پاس اے بی ڈویلیئرز، فخر زمان، کارلوس بریتھ ویٹ، کوری اینڈرسن، حارث سہیل، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، یاسر شاہ، اینٹون ڈیوچ، راحت علی، سندیپ لیمیچن، آغا سلمان، سہیل اختر، عمیر مقصود اور محمد عمران جیسے کرکٹر ہیں۔ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں کے کھلاڑی دبئی پہنچ گئے، گزشتہ روز ملتان سلطانز کے شاہد آفریدی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ریلے روسو دبئی پہنچے۔آسٹریلوی لیگ اسپنر فواد احمد بھی دبئی پہنچنے والوں میں شامل ہیں، اسی طرح کراچی کنگز کے کولن انگرام نے بھی دبئی پہنچ کر ٹیم کو جوائن کرلیا۔یاد رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلیں جائیں گے اور فائنل سمیت آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گی۔متحدہ عرب امارات کے تین شہر دبئی، ابوظہبی اور شارجہ 26 میچز کی میزبانی کریں گے جب کہ فائنل سمیت 5 میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور 3 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔