کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) کے سی سی اے زونVIIکی زیرنگرانی فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ آخری میچ میں پریمئر اسپورٹس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شالیمار سی سی کو 6رنز سے شکست دے کرپاک اورینٹل، شاہی باغ، ناظم آباد جیم خانہ ’بی‘، پاک سورتی، ملک اسپورٹس،اسلام جیم خانہ، التاج سی سی ، ناظم آباد ینگسٹرز، رینجرز سی سی، الحمرا سی سی اور ناظم آباد جیم خانہ کے ہمراہ دوسرے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ پرمیئر اسپورٹس کی جانب سے لقمان زادہ اور ساجد رحمن نے آل راؤنڈ کارکردی پیش کی اور اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ناکام سائیڈ کے اعجاز احمد نے 93اور خوشحال خٹک نے 53رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ احمد عبدالملک اورطلحہ خان کی 3,3وکنیں بھی ان کی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکیں۔دوسرا راؤنڈ 5تا7مارچ کھیلا جائے گا۔مظرہ علی اعوان، سیکریٹری کے سی سی اے زون VIIنے شریک ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ دوسرے راؤنڈ کے ڈراز زون آفس سے وصول کرلیں۔ ناظم آباد جیم خانہ گراؤنڈ پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پریمئر اسپورٹس کی ٹیم مقررہ اوورز سے ایک گیند قبل 299رنز بنا کر پویلین سدھار گئی۔ لقمان زادہ نے 85رنز کی نمایاں اننگز میں 11چوکے رسید کئے۔ ساجد رحمن نے بھی 7چوکے اور 2چھکے لگا کر 46رنز اسکور کئے۔ واحد خان نے 39رنز میں 4چوکے اور 2چھکے لگائے۔ محمد سعد نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 14گیندوں پر 35رنز کی اننگز میں 4بلند وبالا چھکے اورایک بار گیند کو باؤنڈری لائن کراسی کرائی۔عبدالمالک خان نے 56اورطلحہ خان نے 64رنز کے عوض 3,3کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا۔ اعجاز احمد کو 48رنز کے عوض ایک وکت ملی۔شالیمار سی سی نے 300رنز کے مشکل ٹارگیٹ کو حاصل کرنے کیلئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن آخری اوورکے اختتام پرپوری ٹیم 9وکٹ پر 293رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ اعجاز احمد نے انتہائی خوبصورت بیٹنگ کی بدقسمتی سے وہ7رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 93رنز میں 9چوکے اور 4چھکے لگا کر پویلین کی راہ لی۔ خوشحال خٹک نے 53رنز میں 8چوکے اور ایک چھکا لگایا۔محمد جنید کے ناقابل شکست 36رنز میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھا۔ انعام اﷲ نے 23رنز میں 2چوکے اور طلحہ خان نے 22رنز میں 4چوکے لگائے۔ ساجد رحمن نے 39رنز کے عوض 3جبکہ ضمی رخان نے 21اور لقمان زادہ نے 44رنز دے کر 2,2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ایمپائرز عزیزالرحمن اور آ ل حیدر جبکہ سید عمران علی آفیشل اسکورر تھے۔