دبئی (عبدالرحمان رضا سے)پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن 4 کے 17ویں میچ میں لاہور قلندرز نے تباہ کن باؤلنگ اور بیٹنگ کی بدولت یک طرفہ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان فخر زمان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔نیپال سے تعلق رکھنے والے قلندرز کے اسپنر سندیپ لمی چنے نے اپنی جادوئی گیندوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین کو گھما کر رکھ دیا۔گلیڈی ایٹرز کے احسن علی ایک جانب سے رنز بناتے رہے لیکن وکٹ کی دوسری جانب سندیپ لمی چنے سرفراز الیون کے بڑے کھلاڑیوں کو یکے بعد دیگرے پویلین بھیجتے رہے۔لمی چنے کی گیند پر پہلے شین واٹس 7 رنز بنانے کے بعد 33 کے مجموعے پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس کے بعد 43 کے اسکور پر 8 رنز بنانے کے بعد ریلی روسو ڈیوڈ ویزے کو کیچ دے بیٹھے جبکہ 45 کے اسکور پر ایک رنز بنانے والے عمر اکمل بولڈ ہوگئے۔لمی چنے نے اپنی چوتھی وکٹ دانش عزیز کو آؤٹ کرتے ہوئے لی اور اپنے 4 اوور کے اسپیل میں 10 رنز ککے عوض 4 وکٹیں لے کر گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔
احسن علی دوسری جانب مزاحمت کرتے نظر آئے لیکن 33 رنز بنانے والے بیٹسمین کی مزاحمت 53 کے مجموعے پر اس وقت دم توڑ گئی جب وہ رن آؤٹ ہوئے۔کپتان سرفراز احمد کے 29 اور محمد نواز کے 12 رنز کی بدولت ٹیم 106 کے مجموعے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی، تاہم لاہور قلندرز نے اپنی نپی تلی باؤلنگ کے بدولت انہوں نے گلیڈی ایٹرز کو 106 رنز پر ڈھیر کردیا۔لاہور قلندرز کے لمی چنے کی 4 وکٹوں کے علاوہ حارث رؤف نے 2 جبکہ یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں لاہور قلندرز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور 4 کے مجموعے 2 رنز بنانے کے بعد کپتان فخر زمان محمد حسنین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔وکٹ کیپر بیٹسمین گوہر علی نے ٹیم کو برق رفتار 21 رنز بنائے لیکن وہ 33 کے مجموعے پر گرنے کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔اس کے بعد کپتان اے بی ڈی ویلیئرز اور رواں برس اپنا پہلا میچ کھیلنے والے حارث سہیل نے 74 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے اسکور ٹیم کو 8 وکٹوں سے آسانی کے ساتھ فتح دلوائی۔اے بی ڈی ویلیئرز 47 اور حارث سہیل 33 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین اور ہیری گُرنے ایک ایک وکٹ لے کر کامیاب رہے۔
لاہور قلندرز کے سندیپ لمی چنے کو 4 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔خیال رہے کہ یہ ایونٹ میں لاہور قلندرز کی تیسری کامیابی ہے جبکہ اسے کل 6 میچوں میں سے 3 میں شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔بہتر رن اوسط کے ساتھ لاہور قلندرز اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے۔دونوں ٹیموں کے مابین ایونٹ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔آج کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندر کے اسکواڈ میں تبدیلی کے بعد اے بی ڈی ویلیئرز کی بجائے فخر زمان قلندرز کی کپتانی کررہے ہیں۔