اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میرا تھن 2019سیونتھ ایونیو(کلثوم چوک) سے دامن کوہ تک 24مارچ کو انعقاد کیا جائیگا، یہ پانچ کلومیٹر ریس امن کا پیغام لائیگی اور اس ریس کے ذریعے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا جائیگا کہ وہ اپنے ملک کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے اور اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو منہ توڑ جواب دیاجائیگا ۔ بریگیڈیئر طارق زمان،سید نعمان شاہ اور ڈاکٹر اورنگذیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ 24مارچ کو اسلام آباد میں میرا تھن ریس کروانے جا رہے ہیں جو کہ سیونتھ ایونیو کلثوم چوک سے شروع ہوکر دامن کوہ پر اختتام پذیر ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ یہ پانچ کلومیٹر ریس امن کا پیغام لائیگی اور اس ریس کے ذریعے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا جائیگا کہ وہ اپنے ملک کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے اور اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو سبق سکھایاجائیگا ۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے،بھارت کی طرف سے جارحیت کے جواب میں پاکستانی افواج نے بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے،اس جارحیت کے خلاف اسمبلی سے تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی تھی کہ ہم امن چاہتے ہیں۔آج خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہم اپنی بہادر ماوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایسے بہادر بیٹے پیدا کیئے۔انہوں نے بتایا کہ اس ریس میں انڈر۔12،انڈر۔15سینئر خواتین اور پارلیمنٹیریئنز سوا دو کلومیٹر جبکہ اتھلیٹ اور جوان شہری پانچ کلومیٹر ریس میں حصہ لینگے۔اس ریس میں شرکت کیلئے انٹری فیس 50روپے ہو گی۔جیتنے والے لوگوں میں انعامات تقسیم کیئے جائینگے۔ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم خود ایک کھلاڑی رہے ہیں ،وہ کھیلوں کے فروغ میں دلچسپی رکھتے ہیں تاہم سیاسی مصروفیات کی وجہ سے ابھی تک اس طرف مناسب توجہ نہیں دے سکےتاہم وہ کھیلوں کی ترقی کے حوالے سے اقدامات کرینگے اور ہمارے کھیلوں کے میدان ایک بار پھر آباد ہونگے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیکورٹی کے حالات قدرے بہتر ہیں اور نیشنل گیمز کا انشا اللہ بلوچستان ہی میں انعقاد کو یقینی بنائینگے۔ جبکہ کھیلوں کی فیڈریشنز کو گرانٹس کی فراہمی کے بارے میں وزیر اعظم سے بات کرونگا۔بریگیڈیئر طارق زمان نے کہا کہ ہم امن کے سفیر ہیں اور پاکستان ایک پرامن ملک ہے،یہاں کسی قسم کا سیکورٹی رسک نہیں ہے۔ہماری بہادر افواج نے دنیا کو بتا دیا کہ اگر ہماری سرحدوں کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے کا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ہم نے اپنے بچوں کو کھیلوں میں شامل کرکے ملک کا نام روشن کرنا ہے اور نیا ٹیلنٹ سامنے لانا ہے۔ سید نعمان شاہ نے کہا کہ ہم صحت مندانہ سرگرمیوں کے ذریعے امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں،کھلاڑی ملک کے سفیر ہوتے ہیں،ہم نے اپنے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہے۔ ڈاکٹر اورنگذیب نے کہا کہ ورلڈ ٹی بی ڈے24مارچ کو منایا جاتا ہے ،اس دن کو آگاہی کے دن کے طور پر منایا جائیگا۔