کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی )کو امید ہے کہ اگلے برس تمام پی ایس ایل میچز ملک میں ہوں گے ۔پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے نیشنل سٹیڈیم میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رواں لیگ کا انعقاد شاندار انداز میں جاری ہے، یہ مقابلے ساری دنیا کی توجہ کا مرکزبنے ہوئے ہیں،غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان آکرکھیلنا خوش آئند ہے، وہ دن بھی جلد آئے گا جب پاکستان میں غیرملکی ٹیمیں قدم رکھیں گی،ہم اس حوالے سے انتہائی پرعزم ہیں۔وسیم خان نے کہا کہ پی ایس ایل کامیاب ایونٹ بن چکی ہے اور ہم اگلے برس پوری لیگ پاکستان میں کرانے کے خواہاں ہیں، انھوں نے کہا کہ رواں سیزن تمام ترخدشات کے بعد غیرملکی کرکٹرز پاکستان آئے جس سے لیگ کی اہمیت اوراس میں شائقین کی دلچسپی مزید بڑھ گئی، اس حوالے سے فرنچائززکا کردار بہت اہم ہے، اب دنیا میں ایک مثبت پیغام جائےگا کہ پاکستان ایک پرامن اور مضبوط ملک ہے۔ایم ڈی نے سکیورٹی کے انتظامات کوشاندار قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہترین صلاحیتوں کا اظہارکیا ، امید ہے کہ پی ایس ایل فور کا اختتام شایان شان انداز میں ہوگا۔وسیم خان نے دعوی کیا کہ میچ دیکھنے کے لیے نیشنل سٹیڈیم میں 28 ہزار کے لگ بھگ شائقین آئے، پوری دنیا کی توجہ پاکستان سپر لیگ پر مرکوز ہے،سکیورٹی اداروں نے زبردست انتظامات کیے،کراچی میں پی ایس ایل کامیاب ایونٹ ثابت ہوگا،غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ کر کافی خوش ہیں۔