دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)اکستان میں کرکٹ کی واپسی سے یو اے ای کو اپنی فکر پڑگئی، ابوظہبی نے دوراندیشی سے کام لیتے ہوئے ٹی 10 لیگ کے حقوق 5 برس کیلئے اپنے نام محفوظ کرلیے۔پی ایس ایل کے آخری 8 میچز کے پاکستان میں کامیاب انعقاد اور حکومت اور پی سی بی کی جانب سے آئندہ برس پوری لیگ اپنے ملک میں کرانے کے اعلان سے متحدہ عرب امارات مستقبل کا سوچنے لگا ہے۔سب سے پہلے ابوظہبی نے دوراندیشی سے کام لیتے ہوئے ٹی 10 لیگ کے حقوق پانچ برس کے لیے اپنے نام محفوظ کرلیے اور اس کا نام اب ابوظہبی ٹی 10 لیگ ہوگا، اس کے گزشتہ2 ایونٹس شارجہ میں ہوئے تھے۔ ایونٹ کے چیئرمین شجیع الملک کا کہنا ہے کہ شارجہ میں گنجائش کم ہونے کی وجہ سے ہم دیگر وینیوز میں بھی مقابلوں کے انعقاد کی منصوبہ بندی کررہے تھے، ابوظہبی کی پیشکش ایسی تھی کہ ہم نے ایونٹ کو وہاں تک محدود کردیا جو23 اکتوبر سے شروع ہوکر3نومبر تک جاری رہے گا۔ادھر ابوظہبی کرکٹ کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو میٹ باچر نے کہاکہ پی ایس ایل کے آخری مقابلوں کے پاکستان میں شاندار انعقاد اور وہاں پر انٹرنیشنل کرکٹ کی ممکنہ واپسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے اپنے ایونٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا، شجیع الملک کی صورت میں ہمیں وہی شراکت مل گئی جس کی ضرورت تھی، ٹی 10 ایک بہترین فارمیٹ ہے۔