کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے سی سی اے زونII’اے‘ ڈویثرن لیگ میں منٹگمری جیم خانہ نے مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی جب انہوں نے پاک فلیگ کرکٹ کلب کو باآسانی 58رنز کی شکست سے دوچار کیا۔ سید آریان اور محمد کاشان کی نصف سنچریاں اور محمد زہیب کی 6وکٹوں نے ناکام سائیڈ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔سید آریان اور محمد کاشان نے چوتھی وکٹ پر 116رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ اناکر کے ناقابل شکست 46رنز رائیگاں گئے۔ ٹی ایم سی گراؤنڈ پر منٹگمری جیم خانہ نے پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا اور مقررہ 40اوورز کے اختتام پر 4وکٹوں پر 241رنز کا ٹوٹل اسکور بک میں درج کرایا۔ سید آریان نے 3چوکوں کی مدد سے 69رنز اور محمد کاشان کے 59رنز میں 4چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ پر 116رنز جوڑے۔ وجاہت ریاض نے 38رنز ، عاقب انور نے 35اور احسن علی نے 28رنز میں,4,4بار گیند کو باؤنڈری لائن کراس کرائی۔ زید عرفان، منیب علی اور ذیشان خان نے ایک ایک وکٹ پر اکتفا کیا۔ پاک فلیگ سی سی اپنی جوابی اننگزمیں مطلوبہ ہدف کے حصول میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 183رنز پر ہمت ہارگئی۔ اناکر 46رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔ دیگر بلے بازوں میں صبیح احمد34،ذیشان خان 32رنز اوراسد علی 12رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ محمد زہیب نے تباہ کن بولنگ کی اور 6حریف بلے بازوں کو 55رنز کے عوض میدان بدر کیا۔ منیر رحمن کو 51رنز پر 2وکٹ ملے۔ محمد شکیل اور محمد علی نے ایمپائرنگ کے فرائض انجام دئے۔