رائزنگ اسٹار کرکٹ‘ریکریشن سی سی اور عالم اسپورٹس اگلے مرحلے میں

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) رائزنگ اسٹار سی سی کے سی سی اے زون IVکے زیر اہتمام جاری رائزنگ اسٹار انویٹیشن ٹرافی میں ریکریشن سی سی نے ہنس آباد سی سی کو 133رنز کی ہزیمت سے دوچار کیاجبکہ عالم اسپورٹس کو پاک مغل کیخلاف 7وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی۔ ریکریشن سی سی کے محمد اسلم کو 24رنز کے عوض 6وکٹیں اور عالم اسپورٹس کے وسیم عظیم کو 72رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر بائیو ریکس فارماسیوٹیکل مین آف دی میچ کیش ایوارڈ بالترتیب ایس ایم عاصم اورفصیح اﷲ سے وصول کیا۔ملت سی سی گراؤنڈ پر ریکریشن سی سی نے پہلے بیٹنگ کی اور 4وکٹوں پر مقررہ 40اوورز میں 240رنز کا ٹوٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔ محمد شاہد نے 63اور ابوبکر نے 60رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ داؤد خان نے 43منیم اسحق نے 33اور حارث یعقوب نے 32رنز کا حصہ ڈالا۔ ندیم خان حریف ٹیم کی 2وکٹیں 38رنز کے عوض اڑانے میں کامیاب رہے۔ہنس آباد سی سی کی جوابی اننگز 24ویں اوورز میں 145رنز کے مجموعی اسکور پر اختتام پذیر ہوگئی۔ رضوان الطاب 29، عبدالوہاب 28اور عطاالرحمن 21رنز کے نمایاں بلے باز رہے۔محمد اسلم نے تباہ کن بولنگ کی اور 24رنز پر 6کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کا سبب بنے۔منیم اسحق نے 14رنز پر 2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ ایمپائرز جلال اکبر اور جاوید جعفری تھے۔اسٹیل ٹاؤن جیم خانہ گراؤنڈ پر پاک مغل نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور 122رنز کے مجموعی اسکور پر میدان سے رخصت ہوگئی۔شمیر یوسف 26، محمد مظہر 21اور اسد خان 18رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کا مجموعی اسکور کچھ بہتر کرسکے۔ وسیم اسلم نے 24رنز پر 3مہرے کھسکائے جبکہ علی سلیم، صائم قادری اور جاوید رمضان نے 2,2وکٹیں باہم تقسیم کیں۔عالم اسپورٹس کی جوابی اننگز 13ویں اوورز میں مکمل ہوگئی جب 7وکٹوں پر مطلوبہ ہدف 123رنز اسکور بورڈپر سجایاگیا۔ وسیم عظیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 72رنز کی فتح گر اننگز کھیل کر میچ کو یکطرفہ بنادیا۔محمد عرفان 17اورسعود ترمزی نے 13رنز بنا کراپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ محمد طاہر نے 31رنز پر 2اور علی نے ایک وکٹ پر ہاتھ صاف کیا ایمپائرز واصف جمال اور رحیم سولنگی تھے۔

error: Content is protected !!